0
Friday 13 Nov 2020 19:17

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 3 نوجوانوں پر سیفٹی ایکٹ عائد

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 3 نوجوانوں پر سیفٹی ایکٹ عائد
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں قریب 7 ماہ سے گرفتار 3 نوجوانوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے انہیں کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر شوپیان ضلع کے ترکہ وانگام گاؤں میں قابض فورسز کا جنگجو مخالف آپریشن 43 گھنٹے کے بعد ختم کیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آصف علی ولد علی محمد ڈار، مصدق احمد لون ولد عبدالغفار اور عیاش عزیز ڈار ولد عبدالعزیز ساکنان نیلورہ لتر پلوامہ پر بدھ کو سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا اور انہیں بدھ کی شب ہی جموں منتقل کردیا گیا۔ ان تینوں کو 21 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ادھر ترکہ وانگام زینہ پورہ میں جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ترکہ وانگام گاؤں میں تلاشی آپریشن کیا گیا، جو بدھ اور جمعرات دو دن تک جاری رہا۔

منگل کی شب قریب 11 بجے ترکہ وانگام میں 44 آر آر، 178 بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے گاؤں کی ناکہ بندی کی اور بدھ دن بھر گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔ پولیس نے بتایا کہ انہیں گاؤں میں 4 جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ قابض فورسز نے ایک مقامی عسکریت پسند آصف لون کے والدین کو بھی لایا اور لاؤڈ سپیکر کے ذریعہ ان سے اپنے بیٹے سے خود سپردگی کرنے کو کہا تھا۔ اس کے والدین نے اپنے بیٹے کو سرنڈر کرنے کے لئے بھی کہا لیکن گاؤں میں کوئی فائرنگ وغیرہ نہیں ہوئی، نہ جنگجوؤں کی موجودگی ظاہر ہوئی تھی۔ ادھر سیکورٹی فورسز نے پلوامہ کے وژھ پورہ، بونہ پورہمورن، اشمندر اور مونگہامہ کے کچھ علاقوں میں آپریشن عمل میں لائے۔
خبر کا کوڈ : 897593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش