0
Tuesday 17 Nov 2020 10:36

تحریک لبیک اور حکومت میں معاہدہ، فیض آباد دھرنا ختم ہوگیا

تحریک لبیک اور حکومت میں معاہدہ، فیض آباد دھرنا ختم ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ حکومت نے تحریک لبیک کو فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے اور فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی یقین دہانی کرا دی جس کے بعد تحریک لبیک نے فیض آباد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد تحریک لبیک نے توہین رسالت کے معاملے پر فیض آباد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ دونوں فریقین کے درمیان تحریری معاہدہ منظر عام پر آگیا۔ معاہدے پر حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور کمشنر اسلام آباد عامر احمد اور تحریک لبیک کی جانب سے امیر کے پی کے ڈاکٹر محمد شفیق امینی، امیر شمالی پنجاب عنایت الحق شاہ اور ناظم اعلی شمالی پنجاب علامہ غلام عباس فیضی نے دستخط کیے۔

تحریری معاہدے کے مطابق حکومت نے تحریک لبیک کو یقین دہانی کرائی ہے کہ فرانس کے سفیر کو دو سے تین ماہ کے اندر ملک بدر کردیا جائے گا، فرانس میں پاکستان کا سفیر تعینات نہیں ہوگا، تمام فرانسیسی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے گا، تحریک لبیک کے گرفتار کارکنان کو فوری رہا کردیا جائے گا، بعد ازاں اس مارچ کے شرکا پر کوئی مقدمہ قائم نہیں کیا جائے گا۔ معاہدے کے بعد فیض آباد دھرنا کے شرکا سے خطاب میں تحریک لبیک خیبر پختون خوا کے امیر شفیق امینی نے کہا کہ جس جہدوجد کے لیے ہم آئے تھے ہمیں کامیابی ملی ہے، ہم سے وزیر داخلہ، وزیر مذہبی امور اور ڈی سی کمشنر نے تحریری معاہدہ کیا ہے، فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ منظور ہو چکا ہے۔ اس خطاب کے بعد اسٹیج سے معاہدے کی تمام شقیں پڑھ کر سنائی گئیں۔

معاہدے کے ساتھ ہی اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون سروس بحال ہوگئی۔ وفاقی دارالحکومت کی تمام سڑکیں کھول دی گئیں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ آئندہ چند گھنٹوں میں شہر کی تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے کھول دی جائیں گی۔ اس سے قبل ٹی ایل پی کارکنوں نے اسلام آباد جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا جس کے باعث مظاہرین نے فیض آباد پر ہی دھرنا دے دیا تھا جس میں بڑی تعداد میں کارکن شریک تھے۔ دھرنے کے شرکا نے فرانس میں سرکاری سرپرستی میں توہین رسالت کیے جانے پر فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 898252
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش