0
Friday 20 Nov 2020 12:27

مائیک پومپیو کا اسرائیلی ہم منصب کے ہمراہ گولان ہائٹس کا فضائی دورہ

مائیک پومپیو کا اسرائیلی ہم منصب کے ہمراہ گولان ہائٹس کا فضائی دورہ
اسلام ٹائمز۔ امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے الوداعی دورے پر یہودی ریاست کے خلاف بائیکاٹ کی تحریک کو  مبینہ طور پر کینسر قرار دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مائیک پومپیو نے کہا کہ اب اسرائیلی برآمدات کو میڈ اِن اسرائیل کا نام دیا جاسکتا ہے۔ امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے اپنے دورے کے دوران فلسطینیوں سے ملاقات نہیں کی۔ دوسری جانب فلسطین نے مائیک پومپیو کے اقدامات پر احتجاج کیا اور انہیں فلسطینیوں کے خلاف سخت تعصب والا شخص قرار دیا۔ مائیک پومپیو نے اسرائیلی ہم منصب کے ہمراہ اسرائیل کے زیر قبضہ اسٹریٹجک علاقے گولان ہائٹس کا فضائی دورہ بھی کیا۔ مائیک پومپیو نے کہا کہ آپ یہاں کھڑے نہیں ہوسکتے اور سرحد کے اس پار کی طرف نگاہ نہیں ڈال سکتے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تسلیم شدہ مرکزی چیز سے انکار نہیں کرسکتے ہیں کہ یہ اسرائیل کا ایک حصہ ہے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ کی انتظامیہ نے گولان ہائٹس میں اسرائیلی خودمختاری کو متنازع طور پر تسلیم کیا تھا۔ مائیک پومپیو نے کہا کہ ذرا تصور کریں کہ شام کے صدر بشارالاسد کے کنٹرول میں یہ جگہ ہو تو مغرب اور اسرائیل کو کتنے نقصان کا خطرہ ہے۔ شام کی وزارت خارجہ نے مائیک پومپیو کے دورے کو اشتعال انگیز اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مجرمانہ دورے سے اسرائیل کے خطرناک عزائم کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ خیال رہے کہ اسرائیل نے 1967 میں شام کے سرحدی علاقے گولان ہائٹس پر قبضہ کر لیا تھا۔ رواں برس ڈونلڈ ٹرمپ نے متنازع گولان ہائٹس کے علاقے پر اسرائیلی قبضے کو باضابطہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے اس حوالے سے دستاویزات پر دستخط کر دیے تھے۔ اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے زیر قبضہ گولان ہائٹس میں نئے رہائشی علاقے کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بینجمن نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ رہائشی علاقے کو امریکی صدر سے منسوب کرنے کی خاطر قانونی منظوری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 898899
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش