0
Tuesday 24 Nov 2020 00:38

موجودہ کرپٹ نظام سارے مسائل کی جڑ ہے، تبدیل کئے بغیر ترقی ممکن نہیں، راجہ زاہد محمود

موجودہ کرپٹ نظام سارے مسائل کی جڑ ہے، تبدیل کئے بغیر ترقی ممکن نہیں، راجہ زاہد محمود
 اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی کوارڈینیٹرعارف چوہدری اور منشا قادری نے ملتان کا مختصر دورہ کیا، قائم مقام صوبائی صدر میاں نوراحمد سہو، مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر راو عارف رضوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ رہنماوں نے علامہ سعید احمد فاروقی کے بھائی مفتی خورشید احمد صدیقی، علامہ مطیع الرسول سعیدی اور صاحبزادگان قاری معین الدین مدنی اور حافط فیض الحسن مکی سے ملاقات کی۔ راجہ زاہد محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اصل دشمن اور تمام مسائل کی جڑ موجودہ کرپٹ، فرسودہ اور ظالمانہ نظام ہے، اس نظام میں رہتے ہوئے تبدیلی کا خواب محض دیوانے کا خواب ہی ہے۔ حقیقی تبدیلی اور ترقی کیلئے موجودہ کرپٹ نظام کو سمندر برد کرنا پڑے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس نظام کے حوالے سے جتنی باتیں کیں وہ ساری سچ ثابت ہورہی ہیں۔ جبکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا دس نکاتی ایجنڈا ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان عوامی تحریک ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئے گی۔ حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے تاخیری حربے استعمال نہ کرے اور بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا موجودہ اتحاد فقط کرپشن بچانے کے یک نکاتی ایجنڈے پر قائم ہے۔ یہ غیرفطری اتحاد دیرپا ثابت نہیں ہوگا، قومی سلامتی کے اداروں کو تختہ مشق بنانے والے ہی ملک و قوم کے دشمن ہیں، ایسے عناصر کی بیخ کنی وقت کی ضرورت اور ملکی سلامتی کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک لوٹی ہوئی قومی دولت واپس نہیں لائی جاتی اس وقت تک احتساب کا نعرہ عوامی اعتماد حاصل نہیں کرسکتا۔ ناقص حکومتی پالیسیوں نے عوامی اعتماد کو مجروح کیا ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں۔ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو حکمران عوامی غیض و غضب سے نہیں بچ سکیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 899559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش