1
Wednesday 2 Dec 2020 00:00

صیہونی اتحادیوں نے صنعاء ایئرپورٹ کو مسلمانوں پر بند اور مقدس ہوائی حدود کو صیہونیوں پر کھول رکھا ہے، یمن

صیہونی اتحادیوں نے صنعاء ایئرپورٹ کو مسلمانوں پر بند اور مقدس ہوائی حدود کو صیہونیوں پر کھول رکھا ہے، یمن
اسلام ٹائمز۔ یمنی وزیر اعظم عبدالعزیز بن حبتور نے برطانوی سامراج سے آزادی کی قومی سالگرہ کے موقع پر خطاب میں تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت یمن کو عربی سے بڑھ کر اسرائیلی جارحیت کا سامنا ہے۔ عرب نیوز چینل المسیرہ کے مطابق یمنی وزیر اعظم نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ ہم نے پرانے سامراج (برطانیہ) کو ملکی سرزمین سے نکال باہر کر دیا تھا، ویسے ہی آج ہم نئے سامراج (سعودی فوجی اتحاد) کو بھی ملک سے نکال باہر کرنے کے لئے اپنی تمام توانائیاں صرف کر دیں گے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یمنی سرزمین کی ہر ایک بالشت کی آزادی ہماری اولین ذمہ داری ہے اور ہم ملک کو مکمل طور پر آزاد کروا لینے سے قبل سُکھ کا سانس ہرگز نہیں لیں گے۔

عبدالعزیز بن حبتور نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات و سعودی عرب کا جغرافیائی مقام چاہے عرب دنیا میں ہی کیوں نہ واقع ہو تاہم ان ممالک کی جانب سے یمن پر کیا جانے والا حملہ مکمل طور پر صیہونی ہے۔ یمنی وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف یمن پر مسلط کی جانے والی وحشتناک جنگ بلکہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستی معاہدوں نے بھی دنیا بھر میں جارح عرب ممالک کو رسوا کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یمن اسرائیل کے ساتھ ہی بعض عرب ممالک کے اندر وجود میں آنے والی ان رژیموں کی اصلیت کے بارے سالہا سال سے چلا چلا کر اعلان کر رہا ہے کہ یہ دراصل اسرائیلی کٹھ پتلیاں ہیں۔ انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ آج اسرائیلی حلیفوں کی جانب سے صنعاء ایئرپورٹ کو دسیوں لاکھ یمنی مسلمانوں کے لئے بند کر دیا جا چکا ہے جبکہ حرمین شریفین کی مقدس ہوائی حدود کو غاصب صیہونیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 901120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش