0
Wednesday 9 Dec 2020 23:00

ریسکیو 1122 کو تمام اضلاع تک وسعت دی جائے گی، وزیراعلیٰ جی بی

ریسکیو 1122 کو تمام اضلاع تک وسعت دی جائے گی، وزیراعلیٰ جی بی
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ خالد خورشید نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 کو تمام اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔ ریسکیو 1122 کی افادیت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اضلاع میں ریسکیو 1122 کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر ملک میں خطرناک ثابت ہو رہی ہے، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ سنٹرل جیل مناور کی توسیع کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور جیل میں بحالی مرکز (ری ہیبلٹیشن سنٹر) قائم کیا جائے۔ 

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکرٹری داخلہ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم پاکستان اور خصوصاً گلگت بلتستان کی خوشحالی کیلئے انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ متاثرین ڈیم کے جائز مطالبات میرٹ پر حل کئے جائیں گے۔ خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت اور معدنیات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت ان اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ سیاحت اور معدنیات کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ صوبے میں آئی ٹی بورڈ کا قیام عمل میں لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنائے گی۔ تمام اخراجات اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات آن لائن عوام کی رسائی کو ممکن بنایا جائے گا، تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت تمام اداروں میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنائے گی۔ سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ خالد خورشید نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی رہائش کیلئے ملٹی سٹوری بلڈنگ کی تعمیر کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ ایم پی ایز ہاسٹل کی زیر تعمیر عمارت کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ سنٹرل سیکریٹریٹ کمپلیکس کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے، تاکہ بھاری کرایوں والی عمارتوں میں سرکاری دفاتر کے کلچر کو ختم کیا جاسکے۔ گلگت بلتستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت اب تک 25 ہزار خاندانوں کو رقم فراہم کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نادار اور مستحق افراد کی مدد کیلئے احساس پروگرام کو گلگت بلتستان میں مزید وسعت دے گی۔
خبر کا کوڈ : 902736
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش