0
Sunday 13 Dec 2020 19:52

لاہوریوں نے جعلی تبدیلی کو مینار پاکستان گراونڈ میں دفن کر دیا ہے، مریم نواز

لاہوریوں نے جعلی تبدیلی کو مینار پاکستان گراونڈ میں دفن کر دیا ہے، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز نے مینار پاکستان گراونڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہوریوں نے حکومت کو مسترد کر دیا، آج لاہوریوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، کہ پورا گراونڈ بھی بھر گیا ہے، فلائی اوور اور تمام سڑکیں بھی بھر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگ پنڈال میں رش کی وجہ سے داخل ہی نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ سردی کے باوجود کارکن جلسے میں آئے، اور گھنٹوں سے کھڑے ہو کر خطابات سن رہے ہیں، میں لاہوریون کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور آج سندھ، بلوچستان، کے پی کو بھی خوش آمدید کہتا ہے، ہم پی ڈی ایم کی قیادت کے ذریعے پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پورا پاکستان متحد ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ میڈیا کو فون آ رہے ہیں کہ وہ ناظرین کو بتائیں کہ جلسہ ناکام ہو گیا ہے، مگر لاہوریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ آج بھی حکومت کیخلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج لاہوریوں نے حکومت کو مینار پاکستان کی بلندی سے نیچے پھینک دیا ہے، اسی مینار پاکستان میں لاہوریوں نے جعلی تبدیلی کو دفن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال سے فرعون کے لہجے میں کہتا رہا کہ این آر او نہیں دوں گا، مگر آج وہی فرعون نواز شریف اور پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان یاد رکھیں، مسٹر تابعدار یاد رکھیں، اب تابعدار خان این آر او مانگ رہا ہے تو یاد رکھیں، این آر او نہیں دیا جائے گا، اب عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر جعلی حکومت بنانے والے کو این آر او نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی ترقی چھینی ہے، انہیں این آر او نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں کارکنوں سے درخواست کرتی ہوں کہ ماسک پہن کر آئیں، مجھے اپنے کارکنوں کی زندگیوں کی پرواہ ہے، کوویڈ نائٹین سے خطرناک مرض تابعدار خان ہے، جو کوویڈ ایٹین ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے مجھے ابھی مسیج کیا ہے، لاہوریو نہ کہو، بلکہ زندہ دلان لاہور کہو، جب سے تابعدار خان جب سے آیا ہے، پاکستان کی ترقی کورنٹین ہو گئی ہے، چینی، گندم، آٹا کورنٹین ہو گیا ہے، یہاں سستی بجلی اور گیس کورنٹائین ہو گئی ہے، میڈیا کی آزادی کورنٹائین ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کووویڈ 18 کا خاتمہ کرنے کیلئے قوم تیار ہے، تابعدار خان کہتا ہے کہ اپوزیشن مجھے جانتی نہیں، تو سنوں تابعدار خان، اپوزیشن ہی نہیں پاکستان کا بچہ بچہ تمہیں جان گیا ہے، اب تو دودھ کیلئے بلکتے بچے بھی تابعدار خان کو جان چکے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ دوائیں عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، نوجوانوں کو بے روز گاری کا سامنا ہے، نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لئے نوکریوں کیلئے دھکے کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے لمبے لمبے بل تو آتے ہیں لیکن بجلی اور گیس نہیں آتی، 2011 میں عمران خان نے یہاں جلسہ کیا تھا، عوام جانتے ہیں وہ جلسہ کس نے کروایا تھا، وہ جلسہ جنرل شجاع پاشا نے کروایا تھا اور پھر 2013ء کے الیکشن میں عبرتناک شکست ہوئی تو پتہ چل گیا کہ عوام کے ووٹوں سے تو وزیراعظم نہیں بن سکا، تابعداری کی تو وزیراعظم بن گئے، جنرل پاشا کی سپورٹ سے وزارت عظمیٰ مل گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے اندھیرے ختم کئے، بجلی پیدا کی۔

مریم نواز نے کہا کہ اس کے سلیکٹڈ بھی نہیں جانتے تھے کہ یہ اتنا نالائق نکلے گا، یہ خود بھی نہیں جانتا تھا، آج اس کی نالائقی اور نااہلی کا جواب اس کے سلیکٹر کو دینا پڑ رہا ہے۔ انہون نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ جب حکمران چوری کرتا ہے تو قیمت عوام کو ادا کرنا پڑتی ہے، عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ 90 نہیں 9 دن میں کرپشن ختم کر دوں گا، مگر وہ یہ نہ کر سکا۔ اس موقع پر جلسے  میں عمران خان کے بیانات کے ویڈیو کلپس چلائے گئے۔ اس موقع پر گو نیازی گو کے نعرے بھی لگائے گئے۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ کہتا تھا سڑکیں بنانے سے قومیں ترقی نہیں کرتیِں، یہ کہتا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم ہاوس اور گورنر ہاوس کو یونیورسٹی بناوں گا، کیا بنی؟ ینگ ڈاکٹرز، اساتذہ، لیڈی ہیلتھ ورکرز، سرکاری ملازمین، پنشنر، عوام سڑک  پر ہیں۔ عمران خان کہتا تھا صحت پر خرچ کروں گا، کیا ایک بھی نیا ہسپتال بنا؟ پشاور میں کورونا کے 7 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، ہسپتالوں میں ادویات نہیں، دواوں کی قیمتوں میں 600 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا قرضے نہیں لوں گا، اب قرضوں کیلئے ملک کو آئی ایم ایف میں گروی رکھ دیا گیا ہے، بٹ کڑاہی پر مقدمہ ہوگیا، کیا بابا جونز پر بھی مقدمہ درج ہوگا۔ مریم نواز نے کہا پشاور میں بس چلائی گئی، جو چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے، عوام اسے بھی دھکے لگا رہے ہیں، پھر بلین ٹری کا ڈرامہ لگایا گیا، آٹا، چینی، بجلی، گیس سکینڈل سامنے آئے ہیں۔ ایک دن آئے گا جب عوام ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ پولیس کو غیر سیاسی کردوں گا، پولیس کو اتنا غیر سیاسی کیا ہے کہ بہنوئی کے پلاٹ کیلئے کئی آئی جی بدل دیئے۔ کہتے تھے نواز شریف مودی کا یار ہے، تو کیا نواز شریف کا کوئی بھی مطالبہ غداری والا ہے؟؟کیا آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کا مطالبہ غیر آئینی ہے؟ کیا کمشیر کو مودی کے حوالے نواز شریف نے کیا ہے؟ کیا جسٹس شوکت سے مرضی کا فیصلہ لینے کیلئے دباو نواز شریف نے ڈالا تھا؟لاہور نے فیصلہ دے دیا ہے کہ تمہیں جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے عوام کی خدمت کی، صلہ یہ دیا گیا کہ وہ آج کوٹ لکھپت میں بند ہے۔ حمزہ شہباز کو بھی قید کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینا ہوگی، عمران خان کو صرف اپنی نوکری کی فکر ہے، جعلی حکومت کی گرتی دیوار کو آخری دھکا دینے کیلئے تیار ہو؟ اگر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنا پڑے تو نکلو گے، جتنے دن رکنا پڑا تو رکو گے؟ انہوں نے عوام سے وعدہ لیا کہ وہ لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 903485
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش