0
Friday 18 Dec 2020 22:26

60 فیصد سے کم شرح خواندگی والے اضلاع میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرینگے، خالد خورشید

60 فیصد سے کم شرح خواندگی والے اضلاع میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرینگے، خالد خورشید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی بی کے عوام اور علاقے کی خدمت کرنے کے عزم سے آئے ہیں۔ عوام اور علاقے کے وسیع تر مفاد میں میرٹ پر فیصلے کئے جائیں گے۔ گڈ گورننس متعارف کرائی جائے گی۔ میرٹ کو یقینی بنائیں گے۔ تعلیم اور صحت تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں ایسے اضلاع جہاں شرح خواندگی 60 فیصد سے کم ہے، خصوصاً دیامر، گانچھے اور دیگر پیچھے رہ جانے والے اضلاع میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے گی، تاکہ ان علاقوں میں شرح خواندگی 60 فیصد سے زیادہ ہوسکے۔ اسی طرح صحت کے شعبے میں بھی ایمرجنسی نافذ کی جائے گی۔ چھ ماہ کی مدت میں تمام ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا۔

خالد خورشید نے کہا کہ ڈاکٹروں کی کمی دور کی جائے گی اور عوام کو اپنے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سیاحت اور معدنیات کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان دونوں شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ جی بی میں سیاحت اور معدنیات کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان شعبوں پر توجہ دے کر بیروزگاری پر قابو پایا جاسکے گا۔ عوام کی معاشی حالت بہتر بنائی جا سکے گی اور صوبے کے ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزراء اپنے محکموں میں بہت محنت کریں اور عوامی توقعات پر پورا اتریں۔ تمام محکموں میں کفایت شعاری اور سادگی کی پالیسی اپنائی جائے۔ ہم نے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ پرتعیش اور بڑی گاڑیوں کے استعمال اور خریداری کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ صوبے کے وسائل انتہائی محدود ہیں، ہم نے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے استعمال کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 904585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش