0
Saturday 19 Dec 2020 08:30

آزاد جموں و کشمیر میں صحت کارڈ کے اجرا سے 12 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے، عمران خان

آزاد جموں و کشمیر میں صحت کارڈ کے اجرا سے 12 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم ملک کو ایشین ٹائیگر نہیں بلکہ اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جو ملک کے بانیان کا خواب تھا۔ اسلام آباد میں آزاد جموں و کشمیر کے لیے صحت سہولت پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج سے 35 سال قبل شوکت خانم کینسر ہسپتال کی تعمیر کا فیصلہ کیا جس کا مقصد ملک میں کینسر کے مریضوں کے لیے علاج کی سہولت فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں صحت کارڈ کے اجرا سے 12 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے اور صحت کارڈ سے آزاد کشمیر میں 300 سے زائد ہسپتالوں میں مفت علاج کرایا جاسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہماری پچھلی حکومت میں ہم نے خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ کا اجرا کیا، اب صوبے نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر شہری کو صحت کارڈ ملے گا، پنجاب میں 60 لاکھ خاندان صحت کارڈ سے استفادہ کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صحت کارڈ کے اجرا سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو پتا چلے گا، جو آجکل بہت مشکل میں ہیں اور جن پر ایک فاشسٹ اور غاصب حکومت قابض ہے، کہ ہم اپنے لوگوں کا کیسے خیال رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے امیر ملک بھی اپنی ساری آبادی کو صحت کی مفت سہولیات نہیں دے سکتے، یہ ہماری حکومت کا جرات مندانہ فیصلہ تھا کہ جہاں ایک طرف ملک اتنا مقروض ہے اور وسائل نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود ہم نے اپنے لوگوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو ایشین ٹائیگر نہیں بلکہ اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جو ملک کے بانیان کا خواب تھا اور آج اس سلسلے میں ہم ایک بہت بڑا قدم اٹھایا ہے۔
خبر کا کوڈ : 904650
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش