0
Friday 15 Jan 2021 20:59

ایسا لگتا ہے گلگت بلتستان میں ابھی تک نگران حکومت کام کر رہی ہے، سعدیہ دانش

ایسا لگتا ہے گلگت بلتستان میں ابھی تک نگران حکومت کام کر رہی ہے، سعدیہ دانش
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی رُکن اسمبلی و صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ اور عوام کُش فیصلوں سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ تبدیلی سرکار کارکردگی دکھانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کی مثالیں دیکر اقتدار حاصل کرنے والے سلیکٹڈ نے ملک میں غریبوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ ریاستِ مدینہ بنانے کے دعوے دار نے ملک کو مشکل ترین مرحلے میں کھڑا کر دیا یے۔ انتخابات میں ووٹوں کے بدلے ہزاروں ارب روپے کے اعلانات کرنے والے گدھے کے سر سے سینگ کی طرح غائب ہو گئے ہیں۔ گلی محلے میں کالجوں اور سکولوں کے اعلانات کرنے والے موجودہ تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات مہیا کریں تو بڑی بات ہوگی۔

اپنے ایک بیان میں رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال سے جس طرح حکومت وفاق میں ناکام ہوئی تھی ٹھیک اسی طرح گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت سے بھی کسی اچھی کارکردگی کی امید نہیں ہے کیونکہ صوبائی حکومت بھی طاقت کے غیر سرکاری مراکز نے اپنے اہداف حاصل کرنے کے لئے بزداروں کو جمع کر کے تشکیل دی ہے۔ اس وقت جی بی میں حکومت کی کوئی عملداری نظر نہیں آ رہی ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ نگراں حکومت کام کر رہی ہے۔ جی بی کے انتخابات میں بدترین دھاندلی اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر زبردستی اقتدار میں آنے والی حکومت کی ابھی تک کوئی کارکردگی نظر نہیں آئی۔ تاحال صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی ایسے فیصلے سامنے نہیں آئے جن سے عوام کو ریلیف ملنے کا کوئی امکان ہو۔

انہوں نے کہا کہ گلگت شہر سمیت اکثر اضلاع میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ ہے۔ ایک طرف خون کو جما دینے والی سردی اور دوسری طرف بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت حلف لینے کے بعد مسلسل ایک ماہ سے اسلام آباد میں موجود ہے۔ وزراء پروٹوکول کے مزے لے رہے ہیں جبکہ عوام کو مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت گلگت میں بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔ سعدیہ دانش کا مزید کہنا تھا کہ اب آہستہ آہستہ وفاقی حکومت کے بداثرات گلگت بلتستان میں بھی پہنچ جائیں گے جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ صوبائی حکومت وقت گزاری کے بجائے عملی اقدامات پر توجہ دے۔ عمران نیازی اور اسکے حواریوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا ہے کہ اب تو قرضوں کی ادائیگی کے بدلے بیرون ملک پی آئی اے کے جہازوں کو ضبط کیا جا رہا ہے جو کہ ملکی وقار پر بہت بڑا حملہ ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 910364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش