0
Tuesday 26 Jan 2021 22:44

نیشنل پارک بنانا ڈاکہ ہے تو پیپلزپارٹی تاریخی ڈاکو ہے، کاظم میثم

نیشنل پارک بنانا ڈاکہ ہے تو پیپلزپارٹی تاریخی ڈاکو ہے، کاظم میثم
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے وزیر زراعت و ایم ڈبلیو ایم کے رہنما محمد کاظم میثم نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں 1975ء میں پہلی دفعہ قراقرم نیشنل پارک ڈکلیئر کیا گیا جو کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ہوا، اسکے بعد 1993ء میں دو نیشنل پارک ڈکلیئر کئے گئے، ایک سنٹرل قراقرم نیشنل پارک اور دوسرا دیوسائی نیشنل پارک، یہ دونوں نیشنل پارکس بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں ہی قائم ہوئے۔ اسکے بعد قرمبر نیشنل پارک بھی 2012ء میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں نیشنل پارک ڈکلیئر ہوا۔ آج امجد ایڈوکیٹ مخالفت برائے مخالفت کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا اور بیوقوف بنانا چاہتے ہیں۔ ایک بیان میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا پیپلز پارٹی اور امجد ایڈوکیٹ بتائیں کہ اس وقت آپ لوگوں کی عقل ٹھکانے پر نہیں تھی جو تین اہم سیاحتی مقام کو نیشنل پارک قرار دیا اور آپ آج چیخ رہے ہیں۔ نیشنل پارک قرار دینا اگر ڈاکہ اور خطے کے حقوق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ امجد ایڈوکیٹ خود قائل ہیں پیپلز پارٹی جی بی کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والی جماعت ہے اور پی پی تاریخی ڈاکو ہے۔

صوبائی وزیر زراعت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جی بی کے سربراہ امجد ایڈوکیٹ عوام کو دھوکہ نہ دیں اور عوام ی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں۔ منفی پروپیگنڈے کی بجائے جنگلی حیات کے تحفظ، جنگلات کے تحفظ اور سیاحتی مقام بنانے کے لیے جو اقدامات حکومت کی طرف سے اٹھائے جا رہے ہیں، ان اقدامات کو کھلے دل سے تسلیم کریں اور پروپیگنڈا کرنے سے باز رہیں۔ آج ہم سوال کرنا چاہتے ہیں کہ دیوسائی کو نیشنل پارک قرار دینے کے بعد کیا گلگت بلتستان میں دیوسائی پارک کی پورے پاکستان میں اہمیت نہیں بڑھی، کیا دیوسائی اہم سیاحتی مقام نہیں بنا، کیا دیوسائی نیشنل پارک کی وجہ سے گلگت بلتستان کا نام روشن نہیں ہوا؟ کچھ لوگ منفی پروپیگنڈا کے ذریعے عوام میں تشویش پھیلانا چاہتے ہیں۔ نیشنل پارک کے نتیجے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ جنگلات اور جنگلی حیات کا تحفظ یقینی ہوگا۔ ماحولیات کا تحفظ ہوگا اور خطے میں سیاحت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے خطے کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 912552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش