0
Saturday 6 Feb 2021 18:06

اداروں کو متنازعہ بنا کر عمران خان کیلئے دھاندلی کرائی جا رہی ہے، بلاول بھٹو

اداروں کو متنازعہ بنا کر عمران خان کیلئے دھاندلی کرائی جا رہی ہے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران حکومت پی ڈی ایم کے سینیٹ الیکشن لڑنے کے اعلان سے گھبرا گئی ہے، اور اب اداروں کو متنازعہ بنا کر عمران خان کیلئے دھاندلی کرائی جا رہی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پی ڈی ایم کے سینیٹ الیکشن لڑنے کے اعلان سے گھبرا گئی ہے، آج خبر چل رہی ہے کہ حکومت آرڈیننس نکال کر الیکشن کیلئے سیکرٹ بیلٹ کی خلاف ورزی کرنے لگی ہے، حکومت کی گھبراہٹ سب کے سامنے ہے، عمران خان پورے ملک کو بتا رہے ہیں کہ انہیں اپنے نمبرز پر اعتماد اور بھروسہ نہیں، اس وقت عمران خان کا پسینہ نکل رہا ہے اور وہ آئین تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جان بوجھ کر سینیٹ انتخاب سے پہلے اداروں کو متنازعہ بنا رہی ہے، اگر انہوں نے سنجیدہ آئین ترمیم کا فیصلہ کیا تھا تو اس کیلئے سنیجیدہ کوشش کرتے اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیتے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ درست وقت پر فیصلہ کرلیا جاتا تو قانون سازی ہو جاتی، انتخابی اصلاحات کا ہم بھی حصہ بننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹورل ریفارمز میں اوپن بیلٹ کو شامل کیا جا سکتا تھا، حکومت نے اس معاملے پر جمہوری طریقہ کار نہیں اپنایا، آئین میں ترمیم صرف پارلیمنٹ کر سکتی ہے، لیکن اسمبلی میں کسی کو اس معاملے پر بات کرنے نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سینئر اراکین پر حملہ کیا گیا، سپریم کورٹ کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی، آرڈینیس کابینہ سے پاس کرایا جا رہا ہے، جبکہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، اب حکومت سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن اور اداروں کو متنازع بنا کر عمران خان کیلئے دھاندلی کرائی جا رہی ہے، الیکشن 2018ء میں بھی دھاندلی کی گئی، لیکن اب پی ٹی آئی کی ہر دھاندلی کرنے کی کوشش ناکام رہے گی، سب جانتے ہیں کہ عمران ایک ناجائز وزیراعظم ہیں، وہ اس کرسی پر بیٹھنے کا لحاظ تو کریں، کیونکہ وہ عمران نہیں وزیراعظم کے طور پر وہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں این آر اوز دھڑا دھڑ بانٹے جا رہے ہیں، جبکہ وزیراعظم پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہے ہیں، ہم واضح کر دیں کہ عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم پر حکومت کا کوئی پریشر نہیں، ہم سب مل کر فیصلے لیتے ہیں، پی ڈی ایم اگر بات چیت نہ کرنے کا فیصلہ کرتی ہے، تو ہم نہیں کریں گے، اور اگر پی ڈی ایم بات چیت کا فیصلہ کرے گی، تو ہم بات چیت کریں گے، ہم نہیں سمجھتے کہ ہم پی ڈی ایم کو ہارڈ سے سافٹ لائن پر لائے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 914701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش