0
Sunday 14 Aug 2011 14:54

نظریہ پاکستان پر ثابت قدم رہنا ہی ہماری کامیابی ہے، عوام اور سیکورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، جنرل کیانی

نظریہ پاکستان پر ثابت قدم رہنا ہی ہماری کامیابی ہے، عوام اور سیکورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، جنرل کیانی
ایبٹ آباد:اسلام ٹائمز۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک اور قوم کی حفاظت اور سلامتی کے لئے پرعزم ہیں، نظریہ پاکستان پر ثابت قدم رہنا ہی ہماری کامیابی ہے، اسلام کے زریں اصول مضبوط پاکستان کے ضامن ہیں۔ پی ایم اے کاکول اکیڈیمی میں منعقدہ جشن آزادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کو آج پہلے سے زیادہ چینلجز کا سامنا ہے، تاہم پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔ مسلح افواج نے 64 سالوں میں ملکی سلامتی کی ذمہ داری نبھائی اور آئندہ بھی ملک کی حفاظت کیلئے مسلح افواج پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک پرعزم مذہب ہے اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ترقی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں۔ آرمی چیف نے پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ہم ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز پر اپنی جانیں نچھاور کیں۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالٰی پاک سرزمین کو اپنی حفاظت میں رکھے۔
دیگر ذرائع کے مطابق کاکول ملٹری اکیڈمی میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ملکی سلامتی کی جدوجہد میں قربانیوں پر عوام اور سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جشن آزادی کی پریڈ سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج وطن کے دفاع کیلئے عوام کی توقعات پر پورا اترے گی، اندرونی اور بیرونی دشمن سے مقابلے کیلئے فوج عوام کے شانہ بشانہ ہے، جنرل کیانی کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ملک کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کیلئے، تمام پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جوش و جذبے سے مقابلہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 91763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش