0
Saturday 27 Feb 2021 18:51

طاہرالقادری کی سینکڑوں تصنیفات بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ ہیں، حسن محی الدین

طاہرالقادری کی سینکڑوں تصنیفات بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ ہیں، حسن محی الدین
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ ''اتحاد اُمت شیخ الاسلام کانفرنس'' سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے گرانقدر علمی، تحقیقی خدمات انجام دیں، اور فکری اعتبار سے منتشر امت کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں متحد کرنے کیلئے ہمیشہ عملی کاوشیں کیں ہیں، عقائد اسلامیہ کا تحفظ، علم و تحقیق اور اتحاد امت منہاج القرآن کی شناخت ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے 21 ویں صدی میں تکفیریت کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں جڑ سے کاٹ کر نسلوں کے ایمان و عقائد کی حفاظت کی۔ ڈاکٹر طاہر القادری فی زمانہ فکر احناف کی سب سے معتبر اور توانا علمی آواز ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی اتحاد امت کیلئے کاوشیں تاریخ کا ایک سنہرا باب ہیں، ان کی سینکڑوں تصنیفات بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔

اتحاد امت کانفرنس سے امیر متحدہ جمیعت اہلحدیث علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر سید محی الدین محبوب قادری سجادہ نشین حویلیاں شریف، پیر خواجہ اسرار الحق چشتی نظامی، پیر اطہر عباس وارثی قادری، مفتی محمد شبیر انجم، علامہ قاضی عبدالغفار قادری، علامہ میر محمد آصف اکبر قادری ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان سمیت رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مفتی غلام اصغر صدیقی، علامہ محمد اشفاق چشتی، مفتی محمد رفیق قادری، علامہ سید امداد حسین شاہ، علامہ محمد عامر چشتی، علامہ محمد اکرم طیب و دیگر علماء و مشائخ نے اتحاد امت کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو باہمی محبت کی ضرورت ہے۔ وسعت نظری اور وسعت قلبی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، تنگ دلی اور تنگ نظری سے ہمیں ہمیشہ نقصان ہی ہوا اور ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات سے نکل کر اتحاد و اتفاق کی طرف توجہ مبذول کرنے کی ضرورت ہے۔ علامہ سید ضیاءاللہ شاہ بخاری نے کہا کہ اللہ کے رسول نے اتحاد امت کیلئے تعلیمات دیں کہ مومن جسم واحد کی طرح ہیں جس طرح جسم کا کوئی حصہ تکلیف میں آئے تو پورا جسم تکلیف میں آ جاتا ہے اسی طرح ایک مومن کی تکلیف پر امت کو اس دکھ اور درد کو اپنے جسم میں محسوس کرنا چاہیے اگر ہم اپنے بھائی کی تکلیف کو محسوس نہیں کرتے تو پھر ہمیں اپنے ایمان کی فکر کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے چنیدہ بندے فتنوں کے دور میں دین کا اجلا چہرہ پیش کرتے اور امت کو گمراہی کی دلدل سے نکالتے ہیں۔ علامہ مفتی شبیر انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام کے بارے میں اغیار میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو اغیار کی زبان میں دور کیا، 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلو پیڈیا ڈاکٹر طاہر القادری کی ایک عظیم خدمت قرآن ہے۔ فی زمانہ اہلبیت اطہار کی ناموس کا تحفظ و دفاع اگر کسی نے کیا ہے تو وہ ڈاکٹر طاہر القادری ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا ادارہ منہاج القرآن قرآنی فکر کو عام کر رہا ہے، منہاج القرآن کا فکری سفر علم،تحقیق اور امن کا سفر ہے۔ علامہ میر محمد آصف اکبر نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے علوم العقائد پر 18 کتب تحریر کرکے عقیدہ صحیہ کا احیاء کیا اور رواں صدی ایک عظیم الشان تجدیدی خدمت انجام دی یہ اہلسنت و الجماعت کی قابل رشک علمی و فکری خدمت ہے۔
خبر کا کوڈ : 918698
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش