0
Saturday 27 Feb 2021 20:38
پاکستان ڈائیلاگ سے کبھی کترایا نہیں، پاکستان نے پہلے دن سے کہا کہ امن کی طرف آگے بڑھیں

 پاکستانی قوم ہمیشہ امن کو ترجیح دیتی ہے لیکن اگر ہم پر جارحیت مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دینگے، شاہ محمود قریشی 

 پاکستانی قوم ہمیشہ امن کو ترجیح دیتی ہے لیکن اگر ہم پر جارحیت مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دینگے، شاہ محمود قریشی 
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹا، امن کے حصول کے لیے مذاکرات ضروری ہیں، پاکستانی قوم ہمیشہ امن کو ترجیح دیتی ہے۔ لیکن امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر ہم پر جارحیت مسلط کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے، ہفتہ کو 27 فروری کے تاریخی دن کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے 27 فروری کو نپا تلا باوقار جواب دیا، ہم کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتے تھے ہم صرف دنیا کو بتانا چاہتے تھے کہ ہندوستان نے اگر کوئی مس ایڈونچر کیا تو ہم اپنے دفاع کی ہمت اور صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستانی امن پسند قوم ہے اور ہمیشہ امن کو ترجیح دیتی ہے، امن کا راستہ حاصل کرنے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں، پاکستان کبھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹا ہے۔ امن کو متاثر کرنے والے مسائل کو دونوں طرف حل کرنا ہوگا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ مودی حکومت نے خطے کا امن متاثر کیا ہے۔ 26 فروری کو بھارت نے بالاکوٹ پر حملہ کر کے سیاسی کامیابی کے لیے پلوامہ کا ڈرامہ رچایا ہے، وقت کے ساتھ ساتھ ظاہر ہوگیا کہ مودی نے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے یہ اقدام اٹھایا تھا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ امن کو ترجیح دیتی ہے لیکن اگر ہم پر جارحیت مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو بتا دیا تھا کہ اگر اس نے جارحیت کی تو اس کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا امن کے لیے ہم نے بھارتی پائلٹ واپس کیا، اس کے علاوہ ہم نے کرتارپور راہداری کا راستہ کھولا۔ وزیر خارجہ نے کشمیر سے متعلق کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے جانے والے اقدامات کو کشمیری عوام نے مسترد کر دیا ہے اور دنیا دیکھ رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کی صورتحال پر مباحثہ ہو اور وہاں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ یو این سیکرٹری جنرل نے دورہ پاکستان کے دوران مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر شہری و انسانی حقوق کی پامالیاں ہو رہی ہیں، بھارت میں بنیادی شہری قوانین پر عالمی انسانی حقوق کے ادارے نے بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ آج کشمیری، پہلے سے زیادہ بھارت سرکار سے نالاں دکھائی دیتے ہیں، ہندوستان کی سول سوسائٹی اور باشعور طبقہ یہ کہہ رہا ہے کہ ہماری کشمیر پالیسی درست نتائج نہیں دے رہی اس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم دل اور دماغ کی لڑائی ہار رہے ہیں، وہ کہہ رہا ہے کہ اس سرکار کی آمد سے سیزفائر کی خلاف ورزیوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ 120 سے زیادہ نشستیں ایسی ہیں جن میں وزیراعظم عمران خان اور دفترخارجہ نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور عالمی تنظیموں کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا، دنیا کی پارلیمان میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بحث ہو چکی ہے، امریکی کانگریس میں کم از کم دو قراردادیں ایسی ہیں جن میں مقبوضہ کشمیر میں عائد پابندیوں کو اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ آج ایک ایسی فضا جنم لے رہی ہے جو ہندوستان کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کیلئے مجبور کر رہی ہے، قوم نے دیکھا کہ ہندوستان کے ڈی جی ایم و، پاکستان کے ڈی جی ایم و کیساتھ ہارٹ لاین پر رابطہ کرتے ہیں اور اچھے ماحول میں ہونیوالی اس گفتگو میں 2003ء کے سیزفائر معاہدے کی پاسداری کا اعادہ کرتے ہیں، پاکستان نے اسے فراخدلی سے قبول کیا ہم اسے ایک اہم پیش رفت سمجھتے ہیں، امریکہ سمیت عالمی برادری نے اس پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر نے اس حوالے سے اپنا بیان جاری کیا اور اس پیش رفت کو مثبت اور اہم قدم قرار دیا۔
 
خبر کا کوڈ : 918735
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش