0
Wednesday 3 Mar 2021 17:30

جعفریہ الائنس کے تحت سلمان مجتبیٰ نقوی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

جعفریہ الائنس کے تحت سلمان مجتبیٰ نقوی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ الائنس پاکستان کے تحت آرٹس آف پاکستان کراچی کونسل میں سید سلمان مجتبیٰ نقوی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید رضی جعفر نقوی، ایم کیو ایم پاکستان کے عامر خان اور رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین کے علاوہ کراچی کے سابق میئر فاروق ستار، سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ ایسٹ معید انور و دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی شبیر رضا نے کی جبکہ اس موقع پر علامہ حسین مسعودی، علامہ فرقان حیدر عابدی، سابق وزیر عبد الحسیب، غفران مجتبیٰ سمیت دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے عامر خان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو چاہیئے کہ پوری دنیا میں متحد ہوکر کفر کا مقابلہ کرے اور جہاں تک ممکن ہو اسلام کی بقاء کی بات کی جائے، آج آرٹس کونسل میں ہونے والے تعزیتی ریفرنس بیاد سلمان مجتبی اپنی نوعیت کی ایک الگ تقریب ہے جس میں کراچی بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ہے، مرحوم کے لئے اتنی کثیر تعداد میں لوگوں کا یہاں پر جمع ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سلمان مجتبی ایک عظیم انسان تھا جس کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا یہ کہنا تھا کہ سلمان مجتبیٰ نے اتحاد و وحدت کی کراچی میں جو فضاء قائم کی ہوئی تھی وہ آج بھی قائم ہے، محرم کے جلوس اور مجالس ربیع الاول کی میلاد ہو یا کانفرنسز سلمان مجتبیٰ نے ہر سطح پر تعاون کیا۔ صدارتی خطاب سے جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید رضی جعفر نقوی کا کہنا تھا کہ آج سجنے والا یہ گلدستہ ہمیشہ اتحاد و بھائی چارگی کی فضاء میں خوشبو بکھیرتا رہے گا اور ہماری کوشش بھی یہی ہے کہ جعفریہ الائنس میں سلمان مجتبیٰ کی وفات کے بعد جو خلاء آیا ہے وہ انشاءاللہ جلد ہم پورا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 919449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش