0
Thursday 18 Mar 2021 01:05

قبائلی سرداروں، وڈیروں اور اسٹیبلشمنٹ نے بلوچستان کے عوام کو سازش کے تحت محروم رکھا، سراج الحق 

قبائلی سرداروں، وڈیروں اور اسٹیبلشمنٹ نے بلوچستان کے عوام کو سازش کے تحت محروم رکھا، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ غربت، خوراک کی کمی اور ہیومن ڈویلپمنٹ انڈکس میں بلوچستان ملک کا کمزور ترین صوبہ ہے۔ پی پی دور میں آغاز حقوق بلوچستان سے لے کر صوبہ کے 9 جنوبی اضلاع کی ترقی کے لیے موجودہ حکومت کی طرف سے اعلان کیے گئے منصوبے صرف کاغذوں پر ہی موجود رہے۔ صوبے کے عوام بالخصوص نوجوان اور خواتین بے شمار خوبیوں کے مالک ہیں، مگر انہیں جان بوجھ کر وسائل سے محروم رکھا گیا۔ ملکی وسائل کو عوامی مسائل کے حل کے لیے استعمال نہ کرنے کی وجہ سے پاکستان کا ہر شعبہ زوال سے دوچار ہے۔ جماعت اسلامی ملک کے پسماندہ طبقات کی نمائندگی کر رہی ہے۔ ہم اسلام کی سربلندی اور ملک کی خوشحالی کے لیے محنت کر رہے ہیں، مغربی استعمار اور ان کے ایجنٹوں نے قوم کو تکلیفوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ وقت آگیا ہے کہ قوم سرمایہ داروں، وڈیروں اور سیکولرازم کا پرچار کرنے والوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرو بلوچستان میں ایک تقریب سے خطاب اور بعدازاں منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر اور ڈیرہ بگٹی کے عوام نسل در نسل محرومی اور غربت سے دوچار ہیں، سی پیک کے فوائد ان علاقوں تک نہیں پہنچ رہے ہیں۔ ریکوڈک کے سونے اور سینڈک کے چاندی کے ذخائر کے باوجود چاغی کے عوام بھوک و افلاس کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز لورالائی، سبی، ڈیرہ مراد جمالی، خاران، خضدار اور تربت و مکران کے علاقوں کے لیے صوبائی اور مرکزی حکومتوں کی جانب سے ترقی کا کوئی ماسٹر پلان نہیں دیا گیا۔ قبائلی سرداروں، وڈیروں اور سول و ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے بلوچستان کے عوام کو سازش کے تحت محروم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی، اداروں کے استحکام اور آئین و قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے لیے نیا عمرانی معاہدہ ہونا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 922107
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش