0
Friday 19 Mar 2021 21:42

میں نریندر مودی جیسا نہیں ہوں اور میں جھوٹ نہیں بولتا، راہل گاندھی

میں نریندر مودی جیسا نہیں ہوں اور  میں جھوٹ نہیں بولتا، راہل گاندھی
اسلام ٹائمز۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی جمعہ کو دو روزہ آسام دورے پر پہنچے جہاں انھوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو پرزور طریقے سے تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی آسام کو ناگپور سے چلانا چاہتی ہے، جہاں آر ایس ایس کا ہیڈکوارٹر ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ باہری لوگ آئیں اور جو آپ کا ہے اسے اپنے قبضے میں لے لیں، جیسے انہوں نے آپ کا ائرپورٹ لے لیا۔ راہل گاندھی نے لوگوں پر بی جے پی اور کانگریس کے درمیان نظریاتی فرق کو بھی ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آسام کو صرف آسام سے چلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا وزیراعلیٰ آسام کی عوام کی بات سننے کے بعد کوئی کام کرے گا اور اس کا ناگپور سے کسی طرح کا کوئی تعلق نہیں رہے گا۔

اس سے قبل آج دن میں آسام دورہ پر پہنچے راہل گاندھی نے ڈبرو گڑھ میں طلباء کے ساتھ ایک ملاقات میں کہا کہ جمہوریت میں گراوٹ آ رہی ہے، نوجوان بے روزگار ہے، کسان تحریک چلا رہے ہیں، سی اے اے نافذ کیا جا رہا ہے، ان حالات کو بدلنا ضروری ہے۔ کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ ہم آسان کے لوگوں سے ان کی ثقافت اور روایت کو بھولنے کے لئے نہیں کہہ سکتے۔ ایک طاقت جو ناگپور میں پیدا ہوا، وہ پورے ملک کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہا ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ آسام کے لوگوں سے متعلق اپنی بات رکھتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی نے یہاں چائے باغان مزدوروں کو 351 روپے مزدوری دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن صرف 167 روپے دیے۔ انہوں نے کہا کہ میں نریندر مودی نہیں ہوں، میں جھوٹ نہیں بولوں گا۔ آج میں آپ کو پانچ گارنٹی دے رہا ہوں۔ اس میں چائے باغان مزدوروں کے لئے 365 روپے مزدوری، سی اے اے کو نافذ نہیں کرنے کا عزم، پانچ لاکھ ملازمت، 200 یونٹ تک بجلی مفت اور گھریلو خواتین کو دو ہزار روپے دینے کی گارنٹی شامل ہے۔
خبر کا کوڈ : 922411
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش