0
Sunday 9 May 2021 19:55

اسرائیل کو تسلیم کرنیوالوں کے منہ سے نمازیوں پر اسرائیلی فائرنگ کی مذمت شرمناک ہے، علامہ مرید نقوی

اسرائیل کو تسلیم کرنیوالوں کے منہ سے نمازیوں پر اسرائیلی فائرنگ کی مذمت شرمناک ہے، علامہ مرید نقوی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر مولانا مرید حسین نقوی نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فائرنگ کو امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کیلئے چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنیوالے عرب ممالک کا اپنی غلطی کے اعتراف اور فیصلہ واپس لینے کی بجائے محض مذمتی بیان شرمناک ہے۔ او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کرکے اسلامی غیرت کے مطابق اقدامات کا اعلان کیا جائے۔ مولانا مرید نقوی نے کابل میں داعش کے ہاتھوں معصوم طالبات کے سفاکانہ قتل کو انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تکفیری دہشتگرد گروہ کے سدباب کیلئے عالمی سطح پر اقدامات ناگزیر ہیں۔ پاکستان کے اندر اور ہمسایہ ملک افغانستان میں اس دہشتگرد تنظیم کا وجود ہماری قومی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے، جس پر حکومت اور متعلقہ اداروں کو موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاق المدارس الشیعہ کے نائب صدر نے یومِ شہادت حضرت علیؑ اور یوم القدس کے روایتی، دیرینہ پُرامن جلوسوں پر پولیس کی جانبداری اور مقدمات کے اندراج کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے منفی، متعصبانہ حربے حکومتوں کی ناکامی اور زوال کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام، چہلم امام حسینؑ، 21 رمضان کو اہلبیت رسول کے غم کے ایام منانے پر ایسے ظالمانہ اقدامات فوجی آمریت کے دور میں بھی نہ ہوئے تھے، جو ریاستِ مدینہ کے دعوے کرنیوالے کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم القدس بین الاقوامی سطح پر منایا جاتا ہے۔ غیر مسلم ممالک میں بھی جلوس اور ریلیاں نکالی جاتی ہیں۔ حکومت فی الفور اس طرح کے مقدمات واپس لے کر آئین میں دی گئی مذہبی آزادیوں کو یقینی بنائے۔
خبر کا کوڈ : 931620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش