0
Thursday 13 May 2021 04:40

صہیونی رژیم کی نابودی کیلئے الٹی گنتی کا آغاز ہوچکا ہے، ناصر ابو شریف

صہیونی رژیم کی نابودی کیلئے الٹی گنتی کا آغاز ہوچکا ہے، ناصر ابو شریف
اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم "اسلامک جہاد" کے نمائندے ناصر ابو شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم کی نابودی کیلئے الٹی گنتی کا آغاز ہوگیا ہے۔ وہ تہران میں "القدس اقرب" کے عنوان سے منعقدہ نشست میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مقبوضہ فلسطین کے تازہ حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "ہم گذشتہ سو برس سے مختلف قسم کا دباو برداشت کرتے آرہے ہیں۔ وہ اقدامات جو صہیونی انجام دیتے ہیں، حتی خود شیطان کے ذہن میں بھی نہیں آتے۔ ہمیں دو قسم کے مسائل کا سامنا ہے۔ ایک سرزمین سے متعلق اور دوسرا انسانوں کے بارے میں۔ لیکن تمام تر مشکلات کے باوجود فلسطین میں ہماری آبادی 70 لاکھ کے قریب ہے۔ 1948ء میں فلسطین کے اکثر علاقوں میں انتفاضہ کا آغاز ہوا تھا۔"

اسلامک جہاد کے نمائندے ناصر ابو شریف نے غزہ میں مقیم فلسطینیوں کو درپیش شدید مشکلات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "غزہ کی پٹی چھ جانب سے محاصرے کا شکار ہے۔ شمال، جنوب، مشرق، مغرب، زمین اور آسمان۔ غاصب صہیونی رژیم نے جگہ جگہ جاسوسی کے آلات نصب کر رکھے ہیں اور فضا میں بھی اس کے جاسوسی پرندے چوبیس گھنٹے پرواز کرتے رہتے ہیں۔ سمندر کا راستہ بھی اہل غزہ کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ مقبوضہ فلسطین کے ساتھ ساتھ غاصب صہیونی رژیم نے اونچی دیواریں تعمیر کر دی ہیں۔ حتی زمین کے اندر گہرائی تک فولادی شیٹیں گاڑ دی گئی ہیں، تاکہ فلسطینی سرنگیں نہ کھود سکیں۔ صہیونی رژیم کے یہ تمام اقدامات فلسطینیوں کی طاقت کو ظاہر کرتے ہیں۔ فلسطینی اس شدید محاصرے کے باوجود مزاحمت کرنے میں مصروف ہیں۔"
 
ناصر ابو شریف نے مزید کہا: "فلسطین میں فورسز کے درمیان جنگ نہیں بلکہ خدائی جنگ جاری ہے۔ اگرچہ ہم بہت کمزور ہیں اور ہمارے پاس کافی حد تک وسائل بھی نہیں، غزہ کی پٹی میں پینے کیلئے صاف پانی میسر نہیں ہے اور گنجان آبادی بھی بہت زیادہ ہے لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود فلسطینی خدا کی بندگی اور مزاحمت پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ خدا کی بندگی اور مزاحمت فتح اور کامیابی کا باعث ہے۔" تہران میں اسلامک جہاد کے نمائندے نے غاصب صہیونی رژیم کی عنقریب نابودی پر زور دیتے ہوئے کہا: "میں اس بات پر تاکید کرتا ہوں کہ غاصب صہیونی رژیم کی نابودی کیلئے الٹی گنتی کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس بار مکمل خاموشی چھائی ہے اور صہیونی رژیم کی شکست بہت قریب ہے۔ ہم خداوند متعال کے اذن سے قدس شریف سے قریب ہیں۔"
خبر کا کوڈ : 932338
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش