0
Saturday 20 Aug 2011 17:07

سنی تحریک نے کراچی میں قیام امن کے لئے فوج طلب کرنے کا مطالبہ کر دیا

سنی تحریک نے کراچی میں قیام امن کے لئے فوج طلب کرنے کا مطالبہ کر دیا
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شکیل قادری نے کہا ہے کہ اگر حکومت آئین پاکستان کے حلف کے مطابق کراچی میں ٹارگٹ کلرز کے خلاف نوٹس لیتی تو بے گناہ جانوں کا ضیاع نہ ہوتا، حکومت بتائے کہ کراچی میں قتل ہونے والے بے گناہ شہریوں کا خون کس کے سر ہو گا، حکومت اگر عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو خدارا اس ملک اور قوم پر رحم کرے اپنی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائے، صوبائی وزیر داخلہ کی جانب سے اس بات کا اقرار کر لینا کہ انہیں پولیس اور دیگر ادارے مطلوبہ نتائج فراہم نہیں کر رہے اور پولیس کے اعلیٰ حکام کا اس بات کا اعتراف کرنا کہ ان کے احکامات کو نچلی سطح تک نہیں پہنچنے دیا جا رہا، اس بات کی دلیل ہیں کہ کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کے پس پردہ تیسری قوت نہیں بلکہ خود حکومتی صفوں میں چھپی قوت ملوث ہے، سندھ حکومت کراچی میں جاری دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ مافیا کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، پولیس اور رینجرز بھی سڑکوں پر موجود رہنے کے باوجود عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر پا رہی اس لئے سنی تحریک کراچی میں قیام امن کے لیے فوج کی طلبی کا مطالبہ کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر نیو کراچی، پی آئی بی کالونی اور دیگر علاقوں کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
محمد شکیل قادری نے کہا کہ سنی تحریک نے حکومت کے ہر مثبت اقدام پر ان کا ساتھ دیا، تاہم عوام دشمن اقدامات پر سنی تحریک نے بھرپور مخالفت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ سنی تحریک ہی واحد جماعت ہے جس نے عوامی مفاد میں سب سے پہلے سول اپوزیشن کا کردار نبھاتے ہوئے حکومت وقت کو ان کا اصلی چہرہ دکھایا اور آج سنی تحریک ایک بار پھر حکمرانوں کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ مفاہمتی اور کرسیوں کے بچاؤ کی سیاست کو عوامی فلاح کی سیاست پر ترجیح نہ دیں ورنہ عوامی انقلابی سیلاب ان کے اعلیٰ ایوانوں کو بھی بہالے جائے گا۔ انہوں نے کراچی میں گذشتہ 3 روز میں 60 سے زائد اموات کو محکمہ داخلہ اور سندھ حکومت کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے فوری طور پر فوج کو طلب کیا جائے کیونکہ خود صوبائی وزیر داخلہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام اپنی ناکامیوں کا اعتراف کر چکے ہیں اور ایسی صورتحال میں عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے حوالے کرنے کی بجائے ان جرائم پیشہ عناصر اور بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر کام کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے پاک فوج کی مدد لینی چائیے۔ اس موقع پر انہوں نے شہر میں گذشتہ 3روز کے دوران بے گناہ نہتے شہریوں اور سنی تحریک کے کارکنان کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا اور شہیدوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 93269
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش