0
Wednesday 17 Aug 2011 05:08

پاکستان مخالف قوتیں ملک میں مذہبی و لسانی انتشار پھیلا کر ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہیں، ثروت اعجاز قادری

پاکستان مخالف قوتیں ملک میں مذہبی و لسانی انتشار پھیلا کر ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہیں، ثروت اعجاز قادری
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اعلٰی طبقات عوام کو غیر سیاسی کر کے دوبارہ عوام کے حقوق غضب کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ سنی تحریک اپنے شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو مستحکم و توانا دیکھنا چاہتی ہے۔ پاکستان مخالف قوتیں ملک میں مذہبی و لسانی انتشار پھیلا کر ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہیں، انہیں روکنا حکومت وقت اور محب وطن عوام کی ذمہ داری ہے۔ موجودہ حکمران گڈ گورننس اور عوام کو مسائل سے نکالنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں اور ملک کی خارجہ و داخلہ پالیسی بھی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ سنی تحریک چہروں کی نہیں نظام کی تبدیلی چاہتی ہے جس میں عوام کو مکمل طور پر جمہوری و آئینی حقوق میسر ہو سکیں، وہ اقوام جن کے عوام میں سیاسی شعور پیدا نہیں کیا جاتا وہ اپنے سیاسی، معاشی اور جمہوری حقوق حاصل کرنے میں ناکام رہتی ہیں، ہمیں اپنے نوجوانوں میں تعلیمی شعور کے ساتھ ساتھ سیاسی شعور کی ایک ایسی جدوجہد شروع کرنا ہوگی کہ ملک کے عوام سیاسی، معاشی اور جمہوری حقوق کو حاصل کرنے کا لازمی نتیجہ حاصل کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر ذمہ داران و معززین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آج کے پاکستان کی نسل کو سیاسی تربیت دینا اور سیاست کے نشیب و فراز سمجھنا انتہائی ضروری ہے اور عوام میں سیاسی شعور کا رجحان ہی ڈکٹیٹروں اور نام نہاد سیاسی جماعتوں کے اقتدار سے عوام کو بچائے گا، عوام کے سیاسی شعور سے ہی ہم اقتصادی اور جمہوری طور پر مضبوط ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی اور جمہوری استحکام کیلئے ضروری ہے کہ عوام کی سیاسی تربیت کے ساتھ تعلیمی اداروں میں سیاسی ماحول کو پروان چڑھایا جائے، کیونکہ سیاسی شعور اور تربیت ہی ملک سے انتہا پسندی، فرقہ واریت اور لسانی تقسیم کو ختم کرنے کا سبب ہے۔
خبر کا کوڈ : 92461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش