0
Monday 24 May 2021 22:30

غلامی سے نجات کیلئے مسلم حکمرانوں کو غیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا، مولانا عبدالحق ہاشمی

غلامی سے نجات کیلئے مسلم حکمرانوں کو غیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا، مولانا عبدالحق ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے بغیر امت مسلمہ غلامی سے نہیں نکل سکتی۔ اسرائیلی دہشت گردی کی سرپرستی امریکہ کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ، او آئی سی اور سلامتی کونسل بڑی و سرمایہ دار قوتوں کے مفادات کے تابع ہیں، اسی لئے مظلوموں کی بات صرف قراردادوں اور مذمت تک محدود رہ جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم امت مسلمہ کی آزادی کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں۔ جماعت اسلامی نے جمعہ کو ملک بھر میں یوم فلسطین اور اتوار کو کراچی میں عظیم الشان فلسطین مارچ منعقد کرکے دنیا بھر میں مظلوم فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کی اور اسی طرح  فلسطین و کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کی آزادی، ظالموں و دہشت گردوں کے مظالم سے نجات دلانے کیلئے امت مسلمہ کی افواج کو بھرپور، بروقت اور فوری کردار ادا کرنا ہوگا۔ مظلوم مسلمانوں کو غیرت مند مسلم حکمرانوں اور اسلحہ و وسائل سے مالا مال مسلم افواج سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، مگر مسلم حکمران اور افواج عالم اسلام غفلت و کوتاہی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امت کے مسائل کے حل اور  غلامی سے نجات کیلئے مسلم حکمرانوں کو غیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ فلسطین، مسجد اقصیٰ، قبلہ اول کی حفاظت کیلئے امت مسلمہ ملکر اپنی افواج پر مشتمل ایک سکیورٹی فورس بنائے، تاکہ اسرائیل کی دہشت گردی رکوائی جاسکے، اب قرارداد مذمت، مذمتی بیانات، حکومتی سطح پر صرف احتجاج سے کام نہیں چلے گا۔
خبر کا کوڈ : 934330
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش