0
Wednesday 26 May 2021 14:49

امریکہ کو راستہ دینے کی خبریں تشویشناک ہیں، جاوید قصوری

امریکہ کو راستہ دینے کی خبریں تشویشناک ہیں، جاوید قصوری
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے امریکی حکام کی جانب سے دیا جانے والا بیان کہ پاکستان نے افغانستان میں فوج کی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے زمینی اور فضائی راستے دیدیئے، پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو فضائی اور زمینی راستے دینے کی خبریں پاکستان کی خود مختار خارجہ پالیسی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ اس حوالے سے حکومت تفصیلات قوم کے سامنے لائے۔ پرویز مشرف کے دور میں اس پالیسی کا خمیازہ قوم بھگت چکی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکمران بھی امریکہ کی غلامی کا طوق گلے میں ڈالنے کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں۔ پاکستان ایک خود مختار ریاست ہے، مگر بدقسمتی سے گذشتہ 74 برسوں سے یہ امریکی خارجہ پالیسی کے تابع رہی۔ اس کی سب سے بڑی وجہ ایسے حکمرانوں کا بر سر اقتدار آجانا ہے، جو پاکستان کی بجائے امریکہ کے زیادہ وفادار رہے ہیں۔

ان کے مفادات پاکستان اور اس کے 22 کروڑ عوام کو امریکی غلام بنانے میں تھے۔ عمران خان وزیراعظم بننے سے قبل قوم کو خود انحصاری کا بڑا درس دیتے تھے، آج وزیراعظم بن کر وہی کچھ کر رہے ہیں، جو سابقین کرتے رہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد جس طرح امریکہ نے دنیا میں تباہی مچائی اور لاکھوں افراد کو لقمہ اجل بنایا، اس دہشت گردی کی مثال کہیں نظر نہیں آتی۔ جب تک پاکستان میں امریکی غلامی کا دم بھرنے والے حکمران بنتے رہیں گے، اس وقت تک پاکستان حقیقی معنوں میں خود مختار نہیں بن سکتا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت خوشحالی و ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا، جب تک ملک میں آئین و قانون کی پاسداری کو یقینی نہیں بنایا جاسکتا۔ امریکی پٹھووں کا مستقبل تاریک ہے۔


 
خبر کا کوڈ : 934609
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش