0
Thursday 27 May 2021 18:15
جنگ بندی کسی بھی وقت ٹوٹ سکتی ہے

ہم ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، حماس

ہم ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، حماس
اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق غزہ میں اسلامی مزاحمت کی تنظیم حماس کے آفس سیکرٹری یحییٰ السنوار نے غاصب صہیونی رژیم اور اسلامی مزاحمت میں برقرار ہونے والی حالیہ جنگ بندی کو متزلزل اور کمزور قرار دیا، جو کسی وقت بھی ٹوٹ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا: "اسلامی مزاحمتی گروہوں اور غاصب صہیونی رژیم کے درمیان برقرار ہونے والی جنگ بندی بہت کمزور ہے، جو کسی بھی وقت ٹوٹ سکتی ہے۔ یہ جنگ بندی موجودہ بحران کے حل کیلئے اصل راہ حل نہیں ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "مستقبل میں غزہ کی جانب سے جنگ بندی کی پابندی غاصب صہیونی رژیم کی جانب سے جنگ بندی کی پابندی پر منحصر ہے۔ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ اس وقت بھی القسام بریگیڈز کی انگلی ٹریگر پر ہے۔ اسلامی مزاحمت غاصب صہیونی رژیم سے دوبارہ مقابلے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔"

غزہ میں حماس کے آفس سیکرٹری یحییٰ السنوار نے صہیونی رژیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا: "اگر صہیونی دشمن نے اسلامی مقدسات کی دوبارہ توہین کی اور ایک بار پھر مسجد اقصیٰ کی حرمت شکنی کی یا شیخ جراح محلے کے رہائشی افراد کو زبردستی ان کے گھروں سے نکال باہر کرنے کی کوشش کی تو یہ جنگ بندی ختم ہو جائے گی۔" اس سے پہلے حماس کے ایک اور اہم رہنماء موسیٰ ابومرزوق نے بھی اس بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا: "غزہ کی حالیہ جنگ میں اسلامی مزاحمت نے نہ صرف اپنی طاقت کے کچھ حصے کا اظہار کیا ہے بلکہ اپنے راکٹ اور میزائل حملوں کے ذریعے صہیونیوں کی صفوں میں شدید خوف اور وحشت بھی پھیلا دیا اور انہیں بھاگ جانے پر مجبور کر دیا ہے۔"

موسی ابو مرزوق نے مزید کہا: "ہمیں موصول ہونے والی معلومات کے مطابق جنگ کے ساتویں روز ہی صہیونی فوج نے سیاسی رہنماوں پر واضح کر دیا تھا کہ وہ جنگ کا خاتمہ چاہتی ہے۔ اس کے باوجود صہیونی رژیم کے سیاسی حکام نے جنگ لمبی کرنے کا فیصلہ کیا۔" انہوں نے کہا: "غزہ کی حالیہ جنگ میں اسلامی مزاحمتی فورسز کا بڑا حصہ جنگ میں شامل نہیں ہوا تھا۔ شمشیر قدس معرکے میں اسلامی مزاحمتی فورسز کی محدود تعداد شامل ہوئی تھی۔" اسلامی مزاحمت بارہا اس بات پر زور دے چکی ہے کہ اس نے غاصب صہیونی رژیم کے مقابلے میں ابھی تک اپنی پوری طاقت کا مظاہرہ نہیں کیا اور جس فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا گیا ہے، وہ اسلامی مزاحمت کی اصل فوجی طاقت کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 934842
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش