0
Friday 28 May 2021 20:21

ایم کیوایم کا اندرون سندھ دہشت گردی کیلئے بنایا جانیوالا بڑا نیٹ ورک بےنقاب

ایم کیوایم کا اندرون سندھ دہشت گردی کیلئے بنایا جانیوالا بڑا نیٹ ورک بےنقاب
اسلام ٹائمز۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے ایم کیوایم کا اندرون سندھ دہشت گردی کیلئے بنایا جانیوالا بڑانیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے 3 دہشت گرد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کا اندرون سندھ دہشتگردی کیلئے بنایا جانیوالا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ حیدرآباد اور کراچی سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ، ایمونیشن اور دستی بم برآمد ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کارروائی گزشتہ رات وفاقی حساس ادارے کی مدد سے لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب کی گئی، دوران انٹیروگیشن ملزمان کے سنسنی خیز انکشافات کئے۔ سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم نعیم احمد ایم کیو ایم حیدرآباد کا سینئر ترین کارکن ہے، ملزم نے بیرون ملک سے اعلیٰ قیادت کے حکم پر دہشتگردی کیلئے گروہ تشکیل دیا، نعیم احمد نے عسکری تربیت یافتہ 6 رکنی گروہ تشکیل دیا تھا، گروپ میں خفیہ ایجنسی را سے عسکری تربیت یافتہ دہشتگرد شامل ہیں جبکہ نعیم دہشتگردی، جلاؤ گھیراؤ، پولیس اہلکاروں کے قتل، دھماکوں میں جیل جاچکا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم عمران احمد ایم کیو ایم حیدرآباد کا سینئر ترین کارکن ہے، وہ سابق سیکٹر انچارج، زونل ممبر، یو سی چیئرمین رہ چکا ہے، ملزم حیدرآباد میں پرتشدد کارروائیوں، جلاؤ گھیراؤ، تھانے پر حملے اور پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ہے اور متعدد بار جیل جا چکا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ ملزم علیم الدین کراچی اے پی ایم ایس او کا سینئر کارکن، را سے عسکری تربیت یافتہ ہے، گرفتار ملزم پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے، دیگر مقدمات میں جیل جاچکا ہے جبکہ اس کیخلاف اے ٹی سی کراچی میں کئی مقدمات زیرسماعت ہیں۔ ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ ساؤتھ افریقہ سے ہدایت ملی دہشتگردی کیلئے گروپ اندرون سندھ سے چلایا جائے، دہشت گردی میں استعمال کیلئے اسلحہ، ایمونیشن، دستی بم کراچی لائے تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزمان سے برآمد اسلحے میں کلاشنکوف، 2 پستول، 3 دستی بم، کلاشنکوف راؤنڈ شامل ہوئے جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 935010
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش