0
Friday 28 May 2021 23:34

وزیر داخلہ بلوچستان کی سیاسی وفد سے ملاقات، صوبے کے مسائل پر گفتگو

وزیر داخلہ بلوچستان کی سیاسی وفد سے ملاقات، صوبے کے مسائل پر گفتگو
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے سابق حکمرانوں کو ناکام سیاسی شخصیات قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ حکومتیں صرف مخصوص شہروں پر کام کیا کرتی تھیں، جبکہ ہمارے دور میں پورے بلوچستان میں بہتری آرہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صوبائی رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی اور سردار اسد خان شاہوانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں شامل وفد کے ارکان نے وزیر داخلہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر انہوں نے نمائندوں کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ اطلاعات کے مطابق وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا، ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا ہے۔ جس میں منتخب نمائندوں کی تجاویز کو اہمیت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمران مخصوص شہروں کی ترقی چاہتے تھے۔ ماضی کی حکومت نے پسماندہ علاقوں پر کوئی توجہ نہیں دی۔ بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت ہر شہر کی یکساں ترقی پر عمل پیرا ہے اور وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر مزید تیز کریں گے اور کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے بجٹ میں اربوں روپے کا پیکیج دیں گے۔ بجٹ کے ثمرات سے عوام مستفید ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں منفی سیاست ختم ہوچکی اور عوام صرف ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ عوام کو افراتفری کی سیاست سے کوئی سروکار نہیں۔ بلوچستان کو ہر لحاظ سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں لائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 935045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش