0
Sunday 13 Jun 2021 23:57

خیبر پختونخوا میں طویل بجلی لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت ہے، عبدالواسع

خیبر پختونخوا میں طویل بجلی لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت ہے، عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا ہے کہ بجلی کی ظالمانہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے صوبے کے عوام کا جینا حرام کردیا ہے، لوڈشیڈنگ سے بچے، بوڑھے، خواتین اور ہسپتالوں میں مریض شدید متاثر ہیں۔ گرمی کی شدید لہر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت کو تین سال ہونے کو ہیں لیکن دیگر منصوبے تو دور کی بات بجلی کی فراہمی کا بھی کوئی بڑا منصوبہ نہیں بنایا، جس سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوتا اور عوام کو لوڈشیڈنگ کی لعنت سے چھٹکارا ملتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی یوتھ خیبر پختونخوا کے صدر صدیق الرحمان پراچہ، جنرل سیکرٹری حفیظ اللہ خاکسار، نائب صدور شاہ جہان آفریدی، نور غلام اور آفریدی اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد زبیر اصلاحی شریک تھے۔ 

عبدالواسع کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہر موقع پر عوام سے جھوٹ بولا، جماعت اسلامی عوام کے دکھ اور تکلیف کو محسوس کرتی ہے، حکومت کا آخری وقت قریب ہے، عوام کی طاقت سے حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔ عبدالواسع نے کہا کہ پشاور کی عوام میں یہ تاثر زور پکڑ رہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ بی آر ٹی بسوں کو چارجنگ کے لئے بجلی فراہم کرنا ہے۔ حکومت اس حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرے۔ اگر عام فیڈرز سے بی آر ٹی بسوں کے لئے بجلی فراہم کی جارہی ہے تو یہ عوام کے حق پر ڈاکہ ہے۔ حکومت بی آر ٹی بسوں کی چارجنگ کے لئے بجلی کا متبادل انتظام کرے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا زیادہ اور سستی بجلی پیدا کر رہا ہے لیکن وفاقی حکومت وہی بجلی صوبے کے عوام کو مہنگے داموں بیچ رہی ہے۔ ہمیں ہمارا حق نہیں دیا جارہا، وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے۔ بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور بجلی کا خالص منافع خیبر پختونخوا کا حق ہے۔ حکومت کو اس پر قابض نہیں ہونے دیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 937905
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش