0
Wednesday 16 Jun 2021 19:30

آزادی کیلئے حزب اللہ، حماس اور فلسطینیوں کا جوش و جذبہ قابل دید ہے، میاں محمودالرشید

جی سی یونیورسٹی لاہور میں فلسطین سوسائٹی قائم کر رہے ہیں، وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی
آزادی کیلئے حزب اللہ، حماس اور فلسطینیوں کا جوش و جذبہ قابل دید ہے، میاں محمودالرشید
اسلام ٹائمز۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں کشمیر سوسائٹی کے زیرِاہتمام کشمیریوں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر برائے ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے فلسطین سوسائٹی کے قیام کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ نئی نسل مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے زیادہ آگاہ، فکر مند اور متحرک ہے، آزادی کے حصول کیلئے حزب اللہ، حماس اور فلسطینیوں کا جوش و جذبہ قابل دید ہے، آج پوری دنیا میں اسرائیلی بربریت کیخلاف احتجاج جاری ہے، جس سے اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پڑے۔

میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کیا، وزیراعظم نے بین الاقوامی سطح پر اسرائیلی جارحیت کی بھی بھرپور مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل پچھلے 72 سال سے قبلہ اول پر مسلط ہے اور پچھلے کچھ عرصے سے فلسطین میں ظلم کی انتہا کر دی ہے، اتنا ظلم تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا گیا، مسئلہ فلسطین کا حل 1966 کی حدبندی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ہونا چاہیے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں کشمیر سوسائٹی بنانے سے یوتھ موومنٹ بنی، اب یونیورسٹی میں فلسطین سوسائٹی بھی قائم کرنے جا رہے ہیں، تاکہ ہمارے طلباء فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کر سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور فلسطین سوسائٹی کے چیئرمین ہونگے، ہم اسلامی ممالک میں نامور یونیورسٹیز کا اتحاد بھی بنا رہے تا کہ متحد ہو کر فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کیخلاف آواز اٹھائیں۔

او آئی سی کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا، جبکہ سینئر صحافی سلمان غنی نے مسئلہ فلسطین کے تاریخی پہلو اور جغرافیائی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
خبر کا کوڈ : 938317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش