0
Friday 18 Jun 2021 23:22

غاصب صیہونی رژیم کے کسی بھی احمقانہ اقدام کا دندان شکن جواب دینگے، فلسطینی مزاحمتی محاذ

یکطرفہ اسرائیلی جنگبندی کے مصری ثالث اب غزہ پر صیہونی جارحیت رکوائیں
غاصب صیہونی رژیم کے کسی بھی احمقانہ اقدام کا دندان شکن جواب دینگے، فلسطینی مزاحمتی محاذ
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں کے سیکرٹری اطلاعات محمد البریم کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم نے مزاحمتی محاذ کو آزمانے کی کوشش کی ہے جبکہ نئی اسرائیلی جارحیت بے جواب رہے گی اور نہ ہی ہم غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے طاقت کے نئے توازن کو برقرار ہونے دیں گے۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی سماء کے مطابق محمد البریم نے اپنی گفتگو میں زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کا مشترکہ کمانڈ سنٹر موجودہ صورتحال کا نزدیک سے جائزہ لے رہا ہے تاکہ وقوع پذیر ہونے والے واقعات کے ذریعے میدانی صورتحال کے مطابق صحیح موقع پر درست سمت میں فیصلہ کن قدم اٹھا سکے۔ انہوں نے تاکید کی کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ، اپنی قوم کے خلاف صیہونی مظالم کے سلسلے کو مزید جاری رہنے نہیں دے گا اور غاصب صیہونی رژیم کو دندان شکن جواب دے گا۔

دوسری جانب فلسطینی عوامی مزاحمتی تحریک کے میڈیا سیکرٹری محمد الدیراوی نے بھی خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو میں تاکید کی ہے کہ اب کی مرتبہ یہ فلسطینی مزاحمتی محاذ ہی طے کرے گا کہ جنگ؛ کیسے، کہاں اور کب شروع ہو گی۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق محمد الدیراوی نے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم اس وقت نام کی کسی ایسی ظاہری کامیابی کی تلاش میں ہے کہ جس کے ذریعے سے وہ اپنے بزدل فوجیوں کا پست حوصلہ کسی حد تک بلند کر سکے درحالیکہ غزہ کے خلاف اس کے حالیہ حملوں کا مقصد بھی اپنی کھلی شکست کی تصویر کو بدلنا اور غاصب صیہونی عوام کے سامنے اپنی تباہ شدہ ساکھ کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کا مشترکہ کمانڈ سنٹر پوری قوت کے ساتھ میدان میں موجود اور غاصب صیہونی رژیم کے ہر احمقانہ اقدام کا دندان شکن جواب دینے کو بالکل تیار ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کا مشترکہ کمانڈ سنٹر عنقریب مظلوم فلسطینی قوم کا دل باغ باغ کرتے ہوئے غاصب صیہونی رژیم کے تمام گھناؤنے منصوبوں کو مٹی میں ملا کر رکھ دے گا۔ محمد الدیراوی نے اپنی گفتگو کے آخر میں تاکید کی کہ ہم غاصب صیہونی رژیم کو طاقت کا موجودہ توازن بدلنے کی اجازت ہرگز دیں گے جبکہ مصری ثالثوں کو چاہئے کہ اب وہ غاصب صیہونی دشمن کی یکطرفہ جنگ بندی کے مطابق؛ غزہ پر جاری صیہونی جارحیت کو بند کروائیں۔
خبر کا کوڈ : 938772
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش