0
Monday 21 Jun 2021 21:17

ایم ڈبلیو ایم اور محکمہ اوقاف میں مذاکرات کامیاب، کمیٹی بنا دی گئی

ایم ڈبلیو ایم اور محکمہ اوقاف میں مذاکرات کامیاب، کمیٹی بنا دی گئی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی سے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اوقاف اطہر مسعود کے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ احتجاجی مظاہرہ مؤخر کرنے کے بعد علامہ عبدالخالق اسدی نے ملت جعفریہ پاکستان کے جید علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ علماء کو درپیش خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کی گئی ہے، آج اکیس جون کو ہونیوالا علمائے کرام کا احتجاجی مظاہرہ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اوقاف اطہر مسعود کی یقین دہانی پر دس دن کیلئے موخر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدشات دور نہ ہوئے تو یکم جولائی سے پنجاب بھر میں علماء کرام سڑکوں پہ ہونگے۔ ہم پاکستان کو ایک پُرامن اور معتدل ریاست بنانا چاہتے ہیں، مذہبی رواداری اور اتحاد امت ہماری اولین ترجیح ہے، لیکن اپنے عقائد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ علماء بورڈ میں شیعہ مکتب فکر کی نمائندگی برابری کی سطح پر دیکھنا چاہتے ہیں، جس کی یقین دہانی محکمہ اوقاف نے کرائی ہے، اب گیند حکومت کی کورٹ میں ہے کہ وہ اس حساس مسئلے پہ کیا لائحہ عمل اختیار کرتے ہیں، ہم اپنے آئینی، قانونی و جمہوری حقوق کے لئے ہر قسم کی آئینی و قانونی پرامن جدوجہد کے لئے آمادہ ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اوقاف اطہر مسعود نے شیعہ علمائے کرام کی مذاکراتی کمیٹی کو یقین دلا کر کہا کہ دیئے گئے وقت کے اندر شیعہ علمائے کرام کے مطالبات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ مطالبات کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے، جس کی رپورٹ پر تحفظات دور کر دیئے جائیں گے۔ پریس کانفرنس میں علامہ سید حسن رضا ہمدانی، علامہ گلزار فیاضی سمیت درجنوں جید علمائے کرام نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 939299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش