0
Wednesday 7 Jul 2021 11:52

ڈومیسٹک وائلنس بل گھریلو تشدد کا سدباب نہیں، مغرب کا ایجنڈا ہے، ذکراللہ مجاہد

ڈومیسٹک وائلنس بل گھریلو تشدد کا سدباب نہیں، مغرب کا ایجنڈا ہے، ذکراللہ مجاہد
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد  نے کہا ہے کہ اسلام ہر قسم کے ظلم اور تشدد کیخلاف ہے، لیکن ڈومیسٹک وائلنس بل گھریلو تشدد کا سدباب نہیں بلکہ مغرب کا ایجنڈا ہے۔ لاہور میں ڈومیسٹک وائلنس بل کی مذمت کرتے ہوئے میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بچوں کو ڈانٹنے پر 6 ماہ سے 3 سال قید اور20 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک جرمانے کی منظوری شرمناک ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ خاندان اسلامی معاشرے کی مضبوط بنیاد ہے، لبرل اور سیکولر حکمران طبقہ ہمارے خاندانی نظام کے درپے ہے، ڈومیسٹک وائلنس بل خاندان کے تحفظ کی بجائے اس کو تباہ برباد کرنے کا بل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عجلت میں پاس کیے گئے گھریلو تشدد کے امتناع اور تحفظ کے بل کو فوری ختم کیا جائے، اسلامی جمہوری پاکستان میں  قرآن و سنت کیخلاف کوئی قانون نہیں بن سکتا اس لئے بل کا خاتمہ پوری قوم کا مطالبہ ہے۔
 
ذکراللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک وائلنس بل کی منظوری سیکولر، لبرل اور مغربی ایجنڈے کی تکمیل ہے، پاکستان میں خاندانی نظام کو تباہ کرنے کیلئے سازش کے تحت گھریلو تشدد کے بل کو پاس کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی اور سیکولر ایجنڈے کا یہ بل خاندانی نظام، خونی رشتوں، والدین، اولاد، میاں، بیوی کے درمیان تعلقات اور خانگی زندگی کی بنیادیں ہلا کر رکھ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو مجرم بنا کر پیش کرنا مغربی معاشرے کا حصہ ہے، جس کو اسلامی جمہوری پاکستان میں قانون بنا کر نافذ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 942047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش