0
Friday 9 Jul 2021 19:27

خواتین میں سیاسی شعور اجاگر کرنے میں محترمہ فاطمہ جناح کا نام سب سے معتبر ہے، خرم نواز گنڈاپور

خواتین میں سیاسی شعور اجاگر کرنے میں محترمہ فاطمہ جناح کا نام سب سے معتبر ہے، خرم نواز گنڈاپور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ خواتین میں سیاسی شعور اجاگر کرنے اور ویمن امپاورمنٹ کیلئے عملاً خدمات انجام دینے والا سب سے بڑا اور معتبر نام مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ؒکا ہے۔ برصغیر کی کروڑوں خواتین جرأت و وفاء کا پیکر فاطمہ جناح کی احسان مند ہیں۔  فاطمہ جناحؒ نے تحریک پاکستان اور پاکستان کی خوشحالی کیلئے بے مثال کردار ادا کیا۔ مادر ملت نے خواتین کو تعلیم حاصل کرنے کیساتھ ساتھ ملک اور انسانیت کیلئے خدمات انجام دینے کا شعور بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ مادر ملت وہ عظیم ہستی ہیں جنہوں نے برصغیر کے مسلمان مردوں اور عورتوں کی آزادی اور ان کے تابناک مستقبل کیلئے اپنی صحت اور اپنا کیریئر قربان کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ مادر ملت ایک غیرتمند مسلمان، عظیم نیشنلسٹ اور باکردار مسلم خاتون رہنما تھیں، آپ نے بانی پاکستان کا سہارا بن کر حصول پاکستان کی منزل کو قریب تر کیا۔ دریں اثناء منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مادر ملت کی 54 ویں برسی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر فاطمہ جناحؒ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرکزی ناظمہ ویمن لیگ سدرہ کرامت نے کہا کہ فاطمہ جناحؒ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے برصغیر کی مسلم خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے حصول پاکستان کی منزل کو آسان تر کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مادر ملت پاکستان کی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کروڑوں انسانوں کی آزادی کیلئے جو کردار ادا کیا وہ تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کروڑوں انسان اگر آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں تو اس کا کریڈٹ مادر ملت کو جاتا ہے۔ دعائیہ تقریب میں عائشہ مبشر، حبیبہ اسمعیل، رافعہ عروج، نورین علوی، انشراح نوید، بسمہ امجد، مصباح مصطفی، کلثوم قمر، سعدیہ احمدنے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 942479
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش