0
Saturday 10 Jul 2021 20:35

عراق سے فوجی انخلاء کیلئے عمان کیساتھ امریکہ کے خفیہ مذاکرات

عراق سے فوجی انخلاء کیلئے عمان کیساتھ امریکہ کے خفیہ مذاکرات
اسلام ٹائمز۔ عراقی میڈیا کے ساتھ گفتگو میں ایک عراقی رکن پارلیمنٹ نے عراق سے مکمل فوجی انخلاء کے بارے امریکہ کے تازہ ترین اقدام سے پردہ اٹھایا ہے۔ عراقی ای مجلی المعلومہ نے نام ظاہر نہ کرتے ہوئے عراقی پارلیمنٹ کے ایک معروف رکن سے نقل کیا ہے کہ موثق اطلاعات کے مطابق امریکہ نے عراق سے اپنے مکمل فوجی انخلاء کے بارے اردنی حکام کے ساتھ خفیہ مذاکرات انجام دیئے ہیں جس میں اس انخلاء کے طریقہ کار پر گفتگو کی جا رہی ہے۔ عراقی رکن پارلیمنٹ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ معلوم نہیں کہ وزیر اعظم مصطفی الکاظمی بھی ان مذاکرات سے باخبر ہیں یا نہیں تاہم عمان و امریکہ کے یہ انتہائی خفیہ مذاکرات، جو اس وقت بھی جاری ہیں، میں عراق سے امریکی فوجی انخلاء کے طریقہ کار کے بارے گفتگو کی جا رہی ہے۔ عراقی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ امریکہ کا یہ تازہ اقدام اس افراتفری کی کیفیت کو ظاہر کرتا ہے جو اسلامی مزاحمتی محاذ کے حملوں کے باعث عراق میں غیر قانونی طور پر قابض امریکی فوج پر مسلط ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ سال 2020ء کی ابتداء میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کی ایک امریکی کارروائی میں، ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی، عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس اور رفقاء کے ہمراہ شہادت کے فوری بعد عراقی پارلیمنٹ نے ملک سے تمام غیر ملکی افواج کے انخلاء کی قرارداد کو اکثریت رائے کے ساتھ منظور کرتے ہوئے امریکی افواج کو فی الفور ملکی سرزمین ترک کر دینے کا حکم دے دیا تھا جس پر تعمیل کے حوالے سے امریکہ کی جانب سے تاحال لیت و لعل سے کام لیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 942712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش