0
Monday 26 Jul 2021 23:19

ملک میں، کسی بھی نام سے موجود امریکی فوجیوں کو نشانہ بناتے رہینگے، تحریک النجباء

ملک میں، کسی بھی نام سے موجود امریکی فوجیوں کو نشانہ بناتے رہینگے، تحریک النجباء
اسلام ٹائمز۔ عرب ٹیلیویژن کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں عراقی مزاحمتی تحریک النجباء کے ترجمان نصر الشمری نے تاکید کی ہے کہ نام و عنوان اہم نہیں کیونکہ عراق میں کسی بھی شکل میں موجود امریکی فوجی، مزاحمتی اسلحے کا مستقل ہدف باقی رہیں گے۔ نصر الشمری نے المیادین کے ساتھ گفتگو میں، ملک میں امریکہ کی فوجی موجودگی کے حوالے سے مزاحمتی محاذ کی جانب سے عراقی وزیر خارجہ کے موقف کی مخالفت کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ عراقی عبوری وزیراعظم سمیت وزیر دفاع و قومی سلامتی کے مشیر بھی واضح انداز میں کہہ چکے ہیں کہ عراق کو اپنی حفاظت کے لئے غیر ملکی فوج کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ وہ خود اس حوالے سے بطور کافی وسائل و طاقت رکھتا ہے۔

النجباء کے ترجمان نے ملک میں امریکی فوجی موجودگی کے حق میں جاری ہونے والے عراقی وزیر خارجہ فواد حسین کے بیان کو ملکی سکیورٹی حکام کے موقف کے کھلی مخالف قرار دیا اور کہا کہ یہ بات انتہائی حیران کن ہے کہ وزیر خارجہ ملکی سکیورٹی ماہرین کی جانب رجوع کرنے کے بجائے عراق کو امریکی فوجیوں و فوجی مشیروں کی ضرورت کا ڈھول پیٹ رہے ہیں۔ نصر الشمری نے داعش کے اولین حملے کے موقع پر عراقی فوج کے تتر بتر ہو جانے کی کیفیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جب عراق کو امریکی عسکری مشیروں کی سب سے زیادہ ضرورت تھی؛ تب وہ کسی کام آئے تھے اور نہ ان کی موجودگی نے ہی کوئی فائدہ پہنچایا تھا۔ انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ عیار امریکی حکام عراقی رائے عامہ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے ملک میں اپنی فوجی موجودگی کا نام بدلنا چاہتے ہیں، کہا کہ "قابض" کے بجائے "مشیر" نام رکھ لینے سے ملک کو کیا فائدہ پہنچ سکتا ہے؟ جبکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ عراقی سرزمین پر امریکی فوجی موجود ہیں! اب ان کی فوجی موجودگی کس بہانے سے ہے؛ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا!

نصر الشمری نے اپنی گفتگو میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکیوں کو خبردار کر دیا ہے کہ وہ عراق سے اپنی تمام افواج نکال لیں تاہم امریکی، اس کے برعکس یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ گویا عراقی حکومت ملک میں غیر ملکی افواج کی موجودگی کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس صورت میں دونوں میں سے ایک فریق جھوٹ بول رہا ہے! ترجمان النجباء نے عراقی قومی سلامتی کے مشیر، جنہوں نے ملک سے امریکی افواج کے ممکنہ انخلاء کے روز کو ایک "تاریخی دن" قرار دیا تھا، کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام فریقوں کو چاہئے کہ وہ جناب اعرجی کے مانند موقف اختیار کریں کیونکہ آج عراق کے پاس نہ صرف وسیع عسکری وسائل موجود ہیں بلکہ وہ داعش کو شکست فاش دینے والی ایک تجربہ کار فوج بھی رکھتا ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں ایک مرتبہ پھر تاکید کی کہ تحریک النجباء کی نظر میں صورتحال بدلی ہے اور نہ ہی عراق کو امریکی فورسز کی ضرورت ہے؛ لہذا ہم واشگاف الفاظ میں اعلان کرتے ہیں کہ ہم، کسی بھی نام، عنوان يا شکل سے ملک میں موجود امریکی فوجیوں کو نشانہ بناتے رہیں گے اور وہ ہر دم مزاحمتی اسلحے کے ہدف پر ہوں گے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں 16 پارلیمانی نشستوں اور حشد الشعبی میں سب سے بڑے مزاحمتی لشکر کی حامل مزاحمتی فورس عصائب اہل الحق کے ترجمان محمد الربيعی بھی امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے ساتھ گفتگو میں تاکید کر چکے ہیں کہ امریکی حکام، عراقی عوام کو دھوکہ دینے کے لئے اپنے فوجیوں کا نام "ایسالٹ فورس" سے بدل کر "عسکری مشیر" اور "انسٹرکٹر" رکھنا چاہتے ہیں۔ گذشتہ روز نیویارک ٹائمز کا لکھنا تھا کہ لگتا ہے کہ امریکہ، عراق میں موجود اپنی ایسالٹ فورس کے انخلاء کے نظام الأوقات پر مبنی عراقی وزیراعظم کی درخواست تو قبول کر لے گا تاہم عراق میں موجود 2,500 فوجیوں میں سے حتی 1 امریکی فوجی کو بھی وہاں سے نکالا نہ جائے گا بلکہ صرف اور صرف ان کا کردار اور ان کی ذمہ داریاں بدل دی جائیں گی جبکہ وہی امریکی فوجی کسی دوسرے عنوان سے عراق میں بدستور موجود رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 945257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش