0
Wednesday 28 Jul 2021 18:06

کشتواڑ میں قدرتی حادثہ، مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 7، 20 افراد ہنوز لاپتہ

کشتواڑ میں قدرتی حادثہ، مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 7، 20 افراد ہنوز لاپتہ
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے بدھ کو ضلع کشتواڑ میں پیش آئے سانحہ کے بارے میں تازہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس قدرتی حادثے (بادل پھٹنے) میں مہلوکین کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔ بیان کے کچھ ہی دیر بعد آئی جی پی جموں نے ٹویٹ کرتے ہوئے مہلوکین کی تعداد سات بتائی۔ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے سات افراد میں تین خواتین شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ابھی 20 افراد لاپتہ ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ کشتواڑ ضلع کے ہونزر دچھن علاقے میں گذشتہ شب بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں 6 مکانات، 1 راشن ڈیپو اور ایک پل کو نقصان پہنچا۔ اس حادثے کے بعد ابھی 20 افراد لاپتہ ہیں جن کی بازیابی کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔
 
ادھر مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں گذشتہ شب ہوئی تباہ کن بارشوں سے بدھ کو سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ اس دوران شدید بارشوں کی وجہ سے ضلع میں فصلوں و پھلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے جبکہ بھلیسہ، بونجواہ، کاہرہ، ٹھاٹھری کے متعدد علاقوں میں بارش کا پانی رہائشی مکانوں کے اندر احاطوں میں جمع ہوا ہے اور کئی عارضی پل بہہ گئے ہیں اور پینے کے پانی کی کئی اسکیموں کو سیلاب سے نقصان پہنچا ہے۔ ادھر دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے قصبہ ٹھاٹھری کے سینکڑوں رہائشی کنبوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور ندی نالوں کے نزدیک جانے سے اجتناب کریں۔
خبر کا کوڈ : 945582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش