0
Friday 30 Jul 2021 21:45

نوجوانوں کو حقوق دلانے کیلئے اگست میں کاروانِ انقلاب چلائیں گے، مشتاق خان

نوجوانوں کو حقوق دلانے کیلئے اگست میں کاروانِ انقلاب چلائیں گے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو حقوق دلانے کے لئے اگست میں جے آئی یوتھ کے زیر اہتمام چترال سے وزیرستان تا پشاور کاروانِ انقلاب روڈ کاروان چلائیں گے۔ کاروانِ انقلاب روڈ کاروان کا آغاز 6 اگست کو چترال سے ہوگا اور صوبے کے تمام اضلاع سے گزرتے ہوئے 13 اگست کو وزیرستان اور پھر پشاور پہنچے گا۔ روڈ کارواں سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر لیاقت بلوچ، جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی و دیگر مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر صدیق الرحمٰن پراچہ، جنرل سیکرٹری حفیظ اللہ خاکسار، نائب صدر نور غلام آفریدی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری زبیر اصلاحی، قاضی مؤمن آفریدی اور مشتاق خلیل بھی موجود تھے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے نعرے نوجوانوں کے لگائے لیکن نوجوانوں کا استحصال کرکے انہیں اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا، موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور سوشل انگیجمنٹ فراہم کرنے کے اپنے وعدوں سے یوٹرن لیا ہے۔ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان ان پڑھوں کا لشکر تیار کررہا ہے۔ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع نہیں دیئے جارہے۔ سوشل انگیجمنٹ نہ دینے کی وجہ سے نوجوانوں میں بے چینی اور اضطراب ہے اور وہ مثبت سرگرمیوں کی بجائے نشے کی لت میں مبتلا ہو رہے ہیں اور جرائم کی طرف جا رہے ہیں۔ نوجوان پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خدمت کی بجائے تخریب میں استعمال ہو رہے ہیں۔ نوجوان جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر جمع ہوں۔ نوجوان جے آئی یوتھ کا ساتھ دیں، جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی ترقی کا انجن بنیں اور اپنے حقوق کی جنگ جے آئی یوتھ کے سنگ لڑیں۔ حکومت نے نوجوانوں پر قومی سیاست کے دروازے بند کردیئے ہیں، سیاست پر اے ٹی ایم مشینوں اور پیرا ٹروپرز کا راج ہے۔ ستر فیصد نوجوانوں کو قومی معاملات سے بیدخل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقبال کے تصور، قائداعظم کے فرمودات کی روشنی اور شہداء کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا تھا لیکن حکمرانوں نے ان سب کو ضائع کر دیا۔ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کا غلام بنا دیا ہے۔ پاکستان پر مہنگائی کا راج مسلط کردیا ہے۔ پاکستان کی معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی ہے۔ پاکستان کے اندر بیروزگاری کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔ اقبال اور قائد کے پاکستان پر سیاسی جماعتوں کی صورت میں مافیا نے قبضہ کرلیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن کے اس کلچر کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ نوجوان اصل قوت اور پاکستان کے مالک ہیں۔ نوجوان آگے آئیں اور جماعت اسلامی یوتھ کے پلیٹ فارم سے استحصالی طبقے کو توڑیں اور اس کے تسلط کو ختم کردیں اور پاکستان کو اقبال اور قائد کے خوابوں کے مطابق ایک پرامن، ترقیافتہ، عدل و انصاف، آزادی اور ترقی سے بھرپور خودمختار پاکستان بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 945945
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش