0
Monday 2 Aug 2021 19:40

وزیراعظم کا پاکستان کو سستا ملک قرار دینا حقائق کے برعکس ہے، جاوید قصوری

وزیراعظم کا پاکستان کو سستا ملک قرار دینا حقائق کے برعکس ہے، جاوید قصوری
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا بیان کہ پاکستان دنیا میں سب سے سستا ملک ہے، قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکومت نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ اس کو دکھائی ہی نہیں دیتا کہ دنیا کے زمینی حقائق کیا ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی ایشیاء میں سب زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے دیکھ لیا ہے کہ نام نہاد اپوزیشن کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے صرف اور صرف ذاتی مفادات کو حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، اگر یہ اتحاد حقیقی معنوں میں عوام کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے کام کرتا تو آج حکومت گھر جاچکی ہوتی۔ قوم دیکھ لے کہ اس کے ساتھ کون مخلص ہے۔

جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی ایشوز کو اجاگر کیا ہے اور ان شاء اللہ آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران چار مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا، جو کہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کا مظہر ہے۔ حکومت عوام دشمنی پر اتر آئی ہے۔ اگر حکمرانوں نے اپنی طرز حکومت کو تبدیل نہ کیا تو پاکستان کے 22 کروڑ عوام ان کو تبدیل کر دیں گے۔ ماضی کے حکمرانوں کا انجام بھی سب کے سامنے ہے۔ تبدیلی کے نام پر قوم کو جو لالی پاپ دیا گیا، اس کی حقیقت کھل چکی ہے۔ عوام کی توقعات اور پاکستان تحریک انصاف کے لئے نرم گوشہ ختم ہوچکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 946437
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش