0
Thursday 2 Sep 2021 01:39

انتخابات الیکٹرانک مشین کے ذریعے کروانے کیلئے قانون میں ترمیم کر لیں گے، بابر اعوان

انتخابات الیکٹرانک مشین کے ذریعے کروانے کیلئے قانون میں ترمیم کر لیں گے، بابر اعوان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ انتخابات الیکٹرانک مشین کے ذریعے کروانے کے لیے قانون میں ترمیم کر لیں گے۔ مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے لیے آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں، حکومت کے پاس اکثریت ہے، اسی سال قانون میں ترمیم کر لیں گے۔ بابر اعوان نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا نمونہ حکومت نے نہیں، ہمارے قومی اداروں نے بنایا ہے، 2023ء کے الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال ہوگی۔ مشیر پارلیمانی امور نے کہا کہ سینیٹ کے ووٹوں کی خریداری روکنا الیکشن کمیشن کا کام ہے، جن لوگوں نے شفاف الیکشن لڑنا ہے، ان کو دھاندلی کا کوئی خوف نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دھاندلی کے شور کو ختم کرنے کے لیے تمام جماعتوں کو ہمارا ساتھ دینا چاہیئے، اپوزیشن جماعتیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کر رہی ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینا توہین عدالت ہے۔ پریس کانفرنس میں معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز کی پرسنل سیکرٹری کی جانب سے شہباز شریف کے بیان کو ذاتی رائے قرار دیا گیا، شہباز شریف کے بیان کو ذاتی بیان قرار دینے پر مسلم لیگ (ن) کے صدر کو مستعفی ہو جانا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 951681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش