0
Friday 10 Sep 2021 00:14

بلاول بھٹو زرداری کا دورہ جنوبی پنجاب، ن لیگ کی مزید وکٹیں گرادیں 

بلاول بھٹو زرداری کا دورہ جنوبی پنجاب، ن لیگ کی مزید وکٹیں گرادیں 
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے رحیم یار خان دورے کے موقع پر مختلف رہنماوں کی طرف سے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے بہاولپور کے ضلعی چیئرمین شیخ دلشاد احمد، خانیوال سے مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے سید اسد عباس شاہ اور وفاقی سیکریٹری کے عہدے سے ریٹائر ہونے والے حافظ حسین مدنی شامل ہیں، جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سیڈ کارپوریشن کے وفد نے بھی ملاقات کرکے ادارے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو بتایا کہ کاشت کے لئے بیج کی ناقص کوالٹی کی وجہ سے ملک بھر کے کسانوں کو تشویش ہے۔ سیڈ کارپوریشن ملک بھر میں فعال کردار کسانوں کے مسائل کے حل میں مفید ثابت ہوگی۔ وفد میں رانا محمد سلیمان، خلیل احمد سنکت، میاں شہباز اور شہزاد عادل باجوہ شامل تھے۔ 

چیئرمین پیپلزپارٹی سے پیپلزپارٹی ضلع رحیم یار خان شعبہ خواتین کی عہدیداران نے بھی ملاقات کی۔ جن میں شازیہ عابد، نوشابہ، صائمہ گیلانی، نوشین ہاشمی، زبیدہ زیبا ظفر، منزہ احسان، آسیہ قمر اور دیگر شامل تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی طرز پر غربت کے خاتمے کے پروگرام آجرا سے پنجاب کی خواتین معیشت میں فعال کردار ادا کریں گے۔ خواتین کے معاشی کردار کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اس موقع پر مخدوم احمد محمود، سید یوسف رضا گیلانی اور فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی کے اقلیتی ونگ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور کارکنوں نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے میں بصر جی، پیٹر جان، دادو رام، لال داس گرو، موہن بھگت، موہن لال، منو رام، درگاہ داس، لالو رام اور دیگر شامل تھے۔ اقلیتی رہنماوں نے اجلاس میں چیئرمین پیپلزپارٹی کو اقلیتی برادری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھونگ میں مندر کی بے حرمتی کی مذمت کی۔
 
خبر کا کوڈ : 953057
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش