0
Friday 10 Sep 2021 00:39
بلاول بھٹو کی نون لیگ پر سخت تنقید

نااہل حکومت کو چیلنج کرنا پڑیگا یا پھر آپ سلیکٹڈ حکومت کے سہولتکار ہیں، بلاول بھٹو زرداری

نااہل حکومت کو چیلنج کرنا پڑیگا یا پھر آپ سلیکٹڈ حکومت کے سہولتکار ہیں، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمالدین والی رحیم یار خان میں پارٹی ورکرز کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی جو پارٹیاں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگاتی ہیں، انہیں عثمان بزدار حکومت گرانے کے لئے اپنے ووٹ کا استعمال کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن پارٹیاں بزدار حکومت کو نہیں گراتیں تو یہ ثابت ہو جائے گا کہ ان کی سیاست نہ مزاحمت کی سیاست اور نہ ہی مفاہمت کی سیاست بلکہ منافقت کی سیاست ہے۔ پنجاب کے عوام منافقت کی سیاست کو رد کر دیں گے۔ دوغلی پالیسیوں سے کام نہیں چلے گا یا تو آپ کو نااہل، نالائق اور ناجائز حکومت کو چیلنج کرنا پڑے گا یا اس بات کا اعتراف کرنا پڑے گا کہ آپ اس سلیکٹڈ حکومت کے سہولت کار ہیں۔ جب آپ بزدار کی حکومت کو گھر بھیجیں گے تو یہ سلیکٹڈ وزیراعظم خود بخود گر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو آپ ووٹ کو عزت دو کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف آپ اپنے ووٹ کو استعمال نہیں کرنا چاہتے۔ اگر آپ اپنا ووٹ استعمال نہیں کرتے تو پنجاب کے عوام آپ کو معاف نہیں کریں گے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی مقبولیت دن بدن زیادہ ہوتی جا رہی ہے اور اگلی حکومت وفاق میں بھی ہماری ہوگی اور صوبہ پنجاب میں بھی ہماری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے پارٹی کو ہر جیالے کی ضرورت ہے، جس نے کبھی بھی جئے بھٹو کا نعرہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی حکومت اور پی پی پی کے منشور کے لئے آواز دے رہا ہے۔ عوام نے نون لیگ کی حکومت دیکھی ہے اور عمران خان کی بھی حکومت اور انہیں اب پتہ چل گیا ہے کہ ان دونوں کی حکومتوں کی کارکردگی پیپلزپارٹی کی حکومت کی کارکردگی کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی ملک کو تباہ کر رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے قائد عوام کی لیڈرشپ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معاشرے کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا تھا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو پوری مسلم دنیا کے لیڈر تھے اور انہوں نے مسلم دنیا کو لاہور میں اکٹھا کر دیا تھا۔

جب قائد عوام ایک مرتبہ امریکہ کے دورے پر گئے تو امریکی صدر نے انہیں کہا کہ اگر وہ امریکی شہری ہوتے تو وہ ان کی کابینہ میں وزیر ہوتے۔ جس پر قائد عوام نے جواب دیا کہ اگر میں امریکی شہری ہوتا تو آپ کی جگہ میں امریکہ کا صدر ہوتا۔ اُنہوں نے کہا کہ اب یہ حالت ہے کہ ہمارا وزیر خارجہ اور اعلیٰ حکومتی عہدیدار امریکہ کے دورے کرکے ایک ٹیلی فون کال کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ قائد عوام نے عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کئے اور غریب کسانوں کو زمین کا مالک بنایا اور سرداری نظام ختم کیا۔ اس سلیکٹڈ وزیراعظم نے عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے نہیں کئے، نہ ہی ایک کروڑ ملازمتیں دیں اور نہ ہی 50 لاکھ گھر مہیا کئے۔ پیپلزپارٹی نے 2013ء کی حکومت میں پاکستان گندم اور چاول ایکسپورٹ کر رہا تھا لیکن اس حکومت میں پاکستان غیر ملکی کسانوں کی اگائی ہوئی اجناس امپورٹ کر رہا ہے اور پاکستان کے کسان تباہ حالی کا شکار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 953063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش