0
Tuesday 12 Oct 2021 19:40

انسانی حقوق کے محافظوں کو سیاسی تشدد اور دہشتگردی کی شدید مذمت کرنی چاہیئے، جسٹس ارون مشرا

انسانی حقوق کے محافظوں کو سیاسی تشدد اور دہشتگردی کی شدید مذمت کرنی چاہیئے، جسٹس ارون مشرا
اسلام ٹائمز۔ قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) ارون کمار مشرا نے کہا کہ سماجی تنظیموں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو سیاسی تشدد اور دہشتگردی کی شدید مذمت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں بے حسی سے بنیاد پرستی پیدا ہوگی اور تاریخ ہمیں اس کے لئے کبھی معاف نہیں کرے گی۔ قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) کی 28ویں سالگرہ کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس ارون کمار مشرا نے کہا کہ انسان ہی انسانیت کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20ویں صدی میں دنیا میں سیاسی تشدد کے نتیجے میں تقریباً 12 کروڑ افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک اور بیرون ملک میں سیاسی تشدد آج بھی ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کے قاتلوں کو قابل فخر قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔

جسٹس ارون کمار مشرا نے کہا کہ وقت آگیا ہے، جب ہمیں اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا پڑے گا، کم از کم ہمیں اس تشدد کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی آبادی کا چھٹا حصہ ہندوستان میں رہتا ہے، بلاشبہ اتنے بڑے جمہوری نظام کو آسانی سے چلانا بہت مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں تمام مذاہب کی یکجہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مندر، مسجد، گرجا گھر بنانے کی آزادی ہے، جبکہ بہت سے دوسرے ممالک میں ایسی آزادی فراہم نہیں کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو پریس، میڈیا اور سائبر اسپیس کی 'آزادی' دی گئی ہے جو کہ آئینی اور انسانی ذمہ داریوں کی تکمیل سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو آزادی نہیں ہے اور نہ ہی کسی کو یہ آزادی حاصل ہونی چاہیئے کہ وہ جمہوریت کا بنیادی ستون شمار ہونے والی عدالت کے وقار کو برے سلوک سے تباہ کرے۔
خبر کا کوڈ : 958373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش