0
Monday 25 Oct 2021 22:59

پاکستان سے نہیں کشمیریوں سے بات کریں گے، امت شاہ

پاکستان سے نہیں کشمیریوں سے بات کریں گے، امت شاہ
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت پاکستان سے نہیں بلکہ کشمیریوں سے بات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پاکستان اور حریت کانفرنس سے بات چیت کی وکالت کرنے والوں نے کبھی بھی ’دہشتگردی‘ کے خلاف زبان نہیں کھولی ہے۔ امت شاہ نے یہ باتیں پیر کو یہاں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس کے احاطے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج میں نے اخبار میں پڑھا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے صلاح دی ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان سے بات چیت کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت ماہر ہیں اور ریاست کے وزیراعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں فاروق صاحب سے کہنا چاہتا ہوں اور آپ سب کو مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ بات کرنی ہے تو اپنے وادی کے بھائی اور بہنوں سے بات کروں گا، یہاں کے نوجوانوں کے ساتھ بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نیت میں کوئی کھوٹ نہیں ہے، ہمارے من میں کوئی برائی نہیں ہے۔ کشمیر، جموں اور لداخ کی ترقی ہمارا واحد پاکیزہ مقصد ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر کے امن اور یہاں شروع ہونے والے ’ترقی کے نئے دور‘ میں کوئی خلل نہیں ڈال سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ دل سے خوف اور ڈر نکال باہر کریں، آپ ہم پر اور بھارتی حکومت پر بھروسہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے اس دور میں خلل ڈالنے والوں کی نیت صاف نہیں ہے لیکن ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ امت شاہ نے کشمیری نوجوانوں سے انتخابی سیاست کا حصہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں کشمیری نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ اس جمہوری عمل کے ساتھ جڑ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ پاکستان اور حریت سے بات چیت کی وکالت کرتے رہے اسکا کیا نتیجہ برآمد ہوا۔ بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کشمیری نوجوان ہاتھ میں پتھر نہیں بلکہ کتاب اٹھائیں۔
خبر کا کوڈ : 960437
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش