0
Sunday 31 Oct 2021 14:27

جھنگ، سابق ایم پی اے عون عباس سیال انتقال کرگئے

جھنگ، سابق ایم پی اے عون عباس سیال انتقال کرگئے
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے ضلع جھنگ کے شہر گڑھ مہاراجہ سے تعلق رکھنے والے ممتاز سیاستدان، سابق ایم پی اے، محمد عون عباس خان سیال دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ عون عباس خان مرحوم مظفر علی خان کے صاحبزادے اور خان نوازش علی خان سیال کے پوتے تھے۔ عون عباس خان نے پی پی 133 سے الیکشن میں حصہ لیا اور مسلم لیگ نون کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ بعدازاں مسلم لیگ نون کو چھوڑ کر آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔ عون خان الیکشن تو نہ جیت سکے، البتہ عوام کے دل جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔ شکست کی باوجود عوامی مسائل حل کرنے میں کوشاں رہے۔ ان کی وفات سے گڑھ مہاراجہ ایک شفیق، دردمند اور مخلص رہنماء سے محروم ہوگیا۔

محمد عون عباس خان 16جون 1982ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی اور امریکن نیشنل سکول لاہور سے آئی سی ایس کیا۔ 2013ء کے عام انتخابات میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ سعودی عرب، ایران، لیبیا، تھائی لینڈ اور عراق کا سفر کرچکے تھے۔ عون عباس کے والد خان مظفر علی خان 1990-93 ،1993-96 اور 1997-99 کے دوران رکن پنجاب اسمبلی رہے اور بطور پارلیمانی سیکرٹری برائے جنگلات و جنگلی حیات خدمات سرانجام دیتے رہے۔

عون عباس کے دادا محمد نوازش علی خان سیال 1951-55 میں رکن قانون ساز اسمبلی پنجاب، 1956-58 میں رکن صوبائی اسمبلی مغربی پاکستان اور 1972-77 کے دوران رکن صوبائی اسمبلی پنجاب رہے۔ عون عباس کے نانا ذوالفقار علی خان سیال 1985-88 کے دوران رکن پنجاب اسمبلی رہے۔ عون عباس کے پردادا ذوالفقار علی خان سی ایس آئی نے 1913-16 اور 1916-20 کے دوران بطور رکن کونسل آف لیفٹیننٹ گورنر پنجاب خدمات سرانجام دیں۔ عون عباس کے دادا کے بڑے بھائی طالب حسین خان 1937-45 کے دوران رکن قانون ساز اسمبلی پنجاب رہے۔ دادا کے کزن محمد عارف خان نے 1946-47 میں بطور رکن قانون ساز اسمبلی پنجاب اور 1947-49 میں بطور رکن قانون ساز اسمبلی مغربی پاکستان خدمات سرانجام دیں۔
خبر کا کوڈ : 961307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش