0
Friday 26 Nov 2021 22:13

کلبھوشن یادیو کو این آر او دینے کی مذمت کرتے ہیں، سینیٹر مشتاق خان

کلبھوشن یادیو کو این آر او دینے کی مذمت کرتے ہیں، سینیٹر مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ چند ارب ڈالرز کے لئے کیا گیا معاہدہ شرمناک اور قابل مذمت ہے، چند ٹکڑیوں کے لئے ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنادیا گیا، موجودہ حکومت نے بیرونی قرضوں میں 16 ہزار ارب کا اضافہ کیا ہے، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، واپڈا سمیت تمام محکموں میں کرپشن عروج پر ہے، حکومت کے پاس اب ملک چلانے کے لیے کوئی پالیسی نہیں ہے، ایک کے بعد ایک بحران سر اٹھا رہا ہے۔ تبدیلی کے دعویداروں نے ملک کو تباہ کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی سواڑی بونیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرز کنونشن سے جماعت اسلامی ضلع بونیر کے امیر محمد حلیم باچا، سیکرٹری جنرل عالم خان، سابق امیر ضلع غلام مصطفیٰ، نائب امیر عبدالغفار، تحصیل گاگرہ کے لئے تحصیل امیدوار رشید احمد خان اور تحصیل چغرزئی احمد زیب سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی بخت جہاں سمیت بھی موجود تھے۔

سینیٹر مشتاق خان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں نااہل لوگوں سے نجات لازمی ہے، ووٹ کو صحیح جگہ استعمال کرنا ضروری ہے، حکومتی پارٹی سے ووٹ کے ذریعے انتقام لینا ہوگا، جماعتی بنیادوں پر الیکشن کرنے سے ہارس ٹریڈنگ ختم ہوگی، حکومت جماعتی بنیادوں پر انتخابات سے بھاگنے کی کوشش کررہی ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی حکومت کے خوف میں اضافہ کردیا، حکومت کو ہارنے اور اپنی حیثیت کھونے کا ڈر ہے، مہنگائی کے ڈر سے حکمران جماعت عوام میں جانے سے کتراتی ہے۔ حکومت کو بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کو این آر او دینے کی مذمت کرتے ہیں، حکومت نے کشمیر کا سودا کرلیا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے اور مودی سے یاری اور دوستی کا ثبوت پارلیمنٹ کے اندر دیا ہے۔ ریپ کے مجرم کو نامردی (Castration) کے بجائے اسکے اوپر شریعت کے مطابق حد کی سزا جاری کی جائے اور کورٹ آرڈر پر سرعام پھانسی دی جائے، یورپی یونین کی قرارداد کی روشنی میں پی ٹی آئی پارلیمنٹ سے قرآن وسنت اور دستور سے متصادم غیر اسلامی قانون سازی کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنس کی تبدیلی کا قانون ہم جنس پرستی اور مرد کی مرد اور عورت کی عورت سے شادی کے لئے راہ ہموار کرنے کی کوشش ہے۔  قوم نے تمام جماعتوں کو آزمایا ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس بار جماعت اسلامی کو آزمایا جائے۔ جماعت اسلامی کے پاس زندگی کے تمام شعبوں سے وابستہ ماہرین کی ٹیم موجود ہے جو ہر قسم کی کرپشن سے پاک جماعت ہے۔ پانامہ لیکس، پنڈورا پیپرز اور نیب کی فائلوں میں جماعت اسلامی کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ حقیقی تبدیلی کے لئے باکردار قیادت ہی اس ملک اور قوم کی اولین ضرورت ہے جو کہ جماعت اسلامی ہی فراہم کر سکتی ہے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کی حکومتوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ملک میں بدترین مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور حکمرانوں کی سرپرستی میں جاری بدترین کرپشن نے آج غریب عوام کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں پٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور ہر پندرہ روز بعد پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ معمول بن چکا ہے۔ بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلی بلز سمیت روزمرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی ہر ماہ اضافہ ہورہا ہے جبکہ ملک میں تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کی موجودگی کے باوجود بے روزگاری عروج پر ہے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ ان تمام مسائل اور مشکلات سے نجات کا واحد حل باکردار اور ایماندار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ جو صرف جماعت اسلامی ہی فراہم کر سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 965607
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش