0
Saturday 18 Dec 2021 11:16
اے این پی کے عمر خطاب شیرانی گھر کی دہلیز پر قتل

ڈی آئی خان، میئر کا امیدوار قتل، حالات کشیدہ، الیکشن ملتوی

میئر کے امیدوار کا قتل پولیس کی ناکامی و نااہلی کا ثبوت ہے، وکلاء
ڈی آئی خان، میئر کا امیدوار قتل، حالات کشیدہ، الیکشن ملتوی
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے سٹی میئر کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔ جس کے بعد پورے صوبہ خیبر پختونخوا میں حالات انتہائی کشیدہ محسوس کئے جا رہے ہیں اور ڈی آئی خان میں سٹی میئر کے انتخابات تین ماہ کے لیے ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے سٹی میئر کے امیدوار عمر خطاب خان شیرانی کو ان کے  گھر کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔ حملہ آور قاتل گھر کے باہر ان کے انتظار میں تھے۔ واقعہ گلشن حمید ماڈل ٹاؤن میں پیش آیا۔ حملہ آور ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے، جبکہ عمر خطاب شیرانی کی نعش کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ضلع بھر کی ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ واقعہ کی خبر پھیلتے ہی پورے خیبر پختونخوا میں حالات انتہائی کشیدہ محسوس کئے جا رہے ہیں۔ حالات کی نزاکت کے باعث ڈیرہ اسماعیل میں کل 19 دسمبر کو ہونے والے سٹی میئر کے انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ہیں جبکہ نچلی نشستوں پر انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے۔

واقعہ کے بعد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’انتہائی دکھ کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ عمر خطاب شیرانی ایڈووکیٹ کو ان کے گھر کے باہر شہید کر دیا گیا ہے، جو کہ لوکل پولیس کی ناکامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ اسماعیل خان اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ اسماعیل خان اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، اس لئے آج ڈسٹرکٹ بار اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز ڈیرہ اسماعیل خان میں سوگ ہوگا اور کوئی معزز وکیل ذیلی عدالتوں میں پیش نہیں ہوگا۔ اللّٰہ عزوجل ہمارے شہید دوست کے درجات بلند فرمائے اور ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین۔ آئندہ کا لائحہ عمل اور جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔"
خبر کا کوڈ : 969054
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش