0
Wednesday 22 Dec 2021 20:21
فیصل کریم کنڈی کی ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس

اسرار خان اور عمر خطاب شیرانی کا قاتل علی امین ہے، پیپلز پارٹی

شرپسندوں کو حکومتی سرپرستی حاصل، کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی
اسرار خان اور عمر خطاب شیرانی کا قاتل علی امین ہے، پیپلز پارٹی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈہ پور قاتل ہے، جب تک اسرار اللہ خان گنڈہ پور کا خاندان 164 کا بیان واپس نہیں لیتا، ہم وفاقی وزیر کو قاتل کہتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور، صوبائی وزیر فیصل امین گنڈہ پور اپنے ڈویژن میں بری طرح شکست کھا چکے ہیں۔ ڈیرہ کے عوام نے ان کے رویئے کا جواب ووٹ سے دیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے لوگوں نے نئے اور مہنگے پاکستان کو مسترد کر دیا ہے۔ فیصل کنڈی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر علی امین نے پہلے اسرار اللہ خان گنڈہ پور اور اب عمر خطاب شیرانی کو قتل کرایا ہے،  عمر خطاب شیرانی کے بیٹے ابدال کا بیان ہے کہ اس کے والد کے قتل کا ذمہ دار علی امین گنڈہ پور ہے۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نوٹس لیں، اس وفاقی وزیر پر ماضی میں بارہ قتل کی ایف آئی آر ہے، اس کو شامل تفتیش کیا جائے۔

ابدال شیرانی کی باتوں کی بنیاد پر ہم ان کو شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔ جوڈیشل انکوائری کرائیں۔ اگر ان کا بیٹا الزام واپس لے تو ہم بھی واپس لینگے۔ یہ وزراء جوڈیشل انکوائری سے بھاگیں گے۔ پولیس تمام امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کرے، ایسا نہ ہو پھر کوئی سانحہ ہو۔ شرہسندوں کو حکومتی سرپرستی دی جاتی ہے۔ سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ وفاقی وزیر نے شکست کو دیکھتے ہوئے پہاڑ پور کے پولنگ اسٹیشن پر ناخوشگوار واقعہ کے بعد ہمارے امیدوار مخدوم الطاف شاہ کے بیٹے اور ان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ جس میں پولیس خود پارٹی بن گئی ہے۔ ہم ایسے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پہاڑ پور کے لوگوں نے وفاقی وزیر کے امیدوار کو بری شکست دی۔ مولانا فضل الرحمان کے امیدوار کو بھی پی پی پی نے شکست دی۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر نے اسرار گنڈہ پور خاندان سے معاہدہ کی بات کی، جب تک شہید اسرار کا خاندان 164 کا بیان واپس نہیں لیتا، ہم علی امین کو قاتل وزیر کہیں گے۔ ان کا خاندان بیان واپس لے، ہم الزام واپس لے لیں گے۔ رہنماء پیپلز پارٹی نے کہا کہ وفاقی وزیر کا بھائی دھمکیاں دے رہا ہے کہ میرے اندر کا جن مت جگائیں، ہمیں علم ہے کہ کلاچی کے بارہ شہداء آپ کی بھینٹ چڑھے۔ یہ بلدیاتی الیکشن ہار رہے تھے، اسی لئے الیکشن ملتوی کرانے کی سازش کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی امیدوار کو کچھ ہوا تو ذمہ دار صوبائی حکومت اور ڈیرہ انتظامیہ ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 969770
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش