0
Thursday 30 Dec 2021 22:20

امریکہ نیٹو فورسز اپنی شکست کی ذلت کو امت کے انتشار میں چھپا دینا چاہتی ہیں، لیاقت بلوچ

امریکہ نیٹو فورسز اپنی شکست کی ذلت کو امت کے انتشار میں چھپا دینا چاہتی ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے احکامات کے تابع قوم پر مسلط کردہ منی بجٹ اقتصادی غلامی کا طوق ہے، قومی معیشت گروی رکھ دی گئی اور اسٹیٹ بینک کی رہی سہی آزادی ختم کرکے بالواسطہ بھارتی نگرانی میں دیے جانے کی فنانس بل ترمیم ناقابل مذمت ہے۔ اقتصادی غلامی کے سدباب کے لیے صرف پارلیمنٹ نہیں، سڑکوں، چوراہوں پر عوام کو آنا ہوگا وگرنہ آنے والی نسلیں غلامی، بربادی اور رسوائیوں کا شکار رہیں گی۔ وزیراعظم عمران خان ضد، انا، ہٹ دھرمی کی وجہ سے قومی قیادت، معاشی ماہرین اور مظلوم عوام کی آواز نہیں سن رہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، پیداواری لاگت اور افراطِ زر بڑھے گا۔ عوام کی قوت خرید ختم ہوجائے گی۔ سود، قرضوں، کشکول پھیلا کر بیرونی بیساکھیاں بربادی ہیں۔ خوداری، خود انحصاری اسلام کا معاشی نظام ہی معاشی بحرانوں سے نجات کا ذریعہ ہے۔

ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے فیصل آباد میں اتحاد امت علما مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توحید رسالت کی بنیاد پر نظام ہی عدل و انصاف کا نظام مل سکتا ہے۔ زبان، نسل، رنگ، پیشہ اور مذہب کی بنیاد پر نہیں، جاہ و نسب نہیں تقوی ہی شرف انسانیت کا معیار ہے۔ علما، اساتذہ، مدارس اگر اپنے اپنے مسالک کی ترویج پر باہمی دوریاں پیدا کرتے رہیں گے تو فرقہ واریت نئی نسل کی تہذیب، اخلاق اور انسانی اقدار کو تباہ کردے گی۔ افغانستان میں عظیم فتح اور کشمیریوں، فلسطینیوں کی عقیدہ کی حفاظت آزادی کی پرعزم امنگ اتحاد امت کا مطالبہ کررہی ہے۔ امریکہ نیٹو فورسز اپنی شکست کی ذلت کو امت کے انتشار میں چھپا دینا چاہتی ہیں۔ اسلامی تعلیمات کو عوام میں فروغ دیا جائے۔ اسلام جاگیرداری، استحصالی سرمایہ دارانہ نظام کی لعنت کا مکمل خاتمہ چاہتا ہے۔ اسلام اقتدار پارلیمنٹ کے ذریعے انسانوں پر انسانوں کی نہیں، اللہ کی حاکمیت چاہتا ہے۔ مسلم ممالک کی پارلیمنٹ، قرآن وسنت کے مطابق قانون سازی کی پابند ہیں۔ وزیراعظم عمران کی حکومت ریاست مدینہ کا نظام دینے کی آڑ میں ملک کو سیکولر ازم، لبرل ازم مادر پدر آزادی کے حوالے کررہی ہے۔ علما مشائخ کسی قیمت پر پاکستان کو سیکولر ریاست نہیں بننے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 971200
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش