0
Monday 10 Jan 2022 23:49

مصطفیٰ کمال کی جماعت اسلامی کراچی کے دھرنے میں شرکت، غیر مشروط حمایت کا اعلان 

مصطفیٰ کمال کی جماعت اسلامی کراچی کے دھرنے میں شرکت، غیر مشروط حمایت کا اعلان 
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی، شبیر قائم خانی اور دیگر رہنماﺅں پر مشتمل وفد نے سندھ اسمبلی کے سامنے جماعت اسلامی کراچی کے تحت سندھ بلدیاتی قانون کے خلاف جاری دھرنے میں شرکت کی اور دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مطالبات کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے جماعت اسلامی کے تمام کارکنوں، ذمہ داروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ لوگ سخت سردی اور بارش میں بھی سڑکوں پر رہ کر سندھ اسمبلی کے سامنے ڈٹ کر سندھ کے حکمرانوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، آپ تنہا نہیں ہیں، یہ بات میں سیاست سے بالاتر ہو کر کہہ رہا ہوں، ہم آپ کے ساتھ ہر جگہ جانے اور احتجاج کرنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ جماعت اسلامی اس جدوجہد میں اکیلی نہیں ہے، کراچی کے عوام جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں، ہم اس کے خلاف جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے بھی جدوجہد کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھ حکومت کے کالے قانون کے خلاف تاریخی جدوجہد کرنے پر حافظ نعیم الرحمٰن اور جماعت اسلامی کی پوری ٹیم، مرد و خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے مصطفی کمالٰ کی دھرنے میں آمد اور غیر مشروط حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ معاملہ صرف ایک کالے قانون کا ہی نہیں، بلکہ ہماری نسلوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ کراچی کے حقوق کی تحریک مزید آگے بڑھے گی، یہ تحریک صرف اہل کراچی کے حقوق کی تحریک نہیں، بلکہ پورے سندھ کے مظلوم اور محکوم عوام کی تحریک ہے۔
خبر کا کوڈ : 972934
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش