0
Thursday 13 Jan 2022 21:10

پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طور پر پٹ چکی، عوام مہنگائی اور غربت سے لڑ رہے ہیں، سراج الحق

پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طور پر پٹ چکی، عوام مہنگائی اور غربت سے لڑ رہے ہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی فرمائش پر منی بجٹ عوام پر ناقابل برداشت کاری ضرب ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی کا 74سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ عالمی جریدوں کی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کا چوتھا مہنگائی ترین ملک بن چکا۔ حکومت درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بجائے مسائل میں اضافہ کر رہی ہے۔ عوام کو معلوم ہی نہیں کہ انھیں کن گناہوں کی سزا مل رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طور پر پٹ چکی۔ عوام مہنگائی اور غربت سے لڑ رہے ہیں، کھلاڑی آپس میں دست و گریبان ہیں۔ بیروزگاری کا طوفان نوجوانوں کو طمانچے مار رہا ہے۔ بڑی اپوزیشن جماعتوں میں عوام کے مسائل کی بجائے اپنے مفادات کے لیے رسہ کشی ہورہی ہے۔ قوم گواہ ہے اگر کوئی لوگوں کے مسائل کے لیے جدوجہد کررہا ہے تو وہ جماعت اسلامی ہے۔ کراچی ہو یا گوادر جماعت اسلامی کے لوگ سڑکوں پر بیٹھ کر عوام کا حق مانگ رہے ہیں۔ ایوانوں اور چوکوں چوراہوں میں ملک و قوم کی فلاح کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ یقین ہے سود سے پاک معیشت ملک کو درپیش مسائل کا حل ہے۔ سرمایہ داروں اور مافیاز نے 22کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ صاحب اقتدار طبقہ غریبوں کی پریشانیوں سے مکمل ناآشنا ہے۔ ایک طرف دولت کے ریل پیل ہے دوسری طرف غربت کا کھیل ہے۔ اشرافیہ دولت کے انبار پر بیٹھی ہے، عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے۔ امیر اور غریب کا خلا خوفناک حدوں کو چھو رہا ہے۔ محرومیاں بڑھتی رہیں تو نتائج خطرناک ہوسکتے ہیں۔ خیبر پختوانخوا مسائل کا آماجگاہ بن گیا۔ کے پی کے باسیوں نے پی ٹی آئی پر عدم اعتماد کر دیا۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان بھی حقیقی تبدیلی کے لیے تیار ہیں۔ الیکشن میں حکمرانوں کو اپنے کیے کا جواب دہ ہونا پڑے گا۔ تینوں بڑی سیاسی جماعتیں ایکسپوز ہوگئیں۔ قوم کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ تاجر، کسان، مزدور، سرکاری تنخواہ دار، طالب علم سب ملک میں حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں۔ وسائل سے مالا مال ایٹمی پاکستان کو اسلامی نظام ہی بچا سکتا ہے۔ سوشلزم کا جنازہ نکل گیا، کیپٹل ازم آخری سانسیں لے رہا ہے، انسانیت کی فلاح اللہ کے دیے گئے نظام میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 973433
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش